• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'بلیک پینتھر' کے سیکوئل پر آئندہ برس کام شروع ہونے کا امکان

شائع November 23, 2020
پہلی فلم میں چیڈوک بوسمین کی بہن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کو نئی فلم میں اہم دکھائے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ
پہلی فلم میں چیڈوک بوسمین کی بہن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کو نئی فلم میں اہم دکھائے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ

خبریں ہیں کہ ہولی وڈ کی 2018 میں ریلیز ہونے والی کامیاب ترین سپر ہیرو فلم 'بلیک پینتھر' کے سیکوئل پر آئندہ سال کے وسط تک کام کا آغاز کردیا جائے گا۔

یہ خبریں پہلے ہی تھیں کہ 'بلیک پینتھر' کے سیکوئل پر مارچ یا اپریل 2021 میں کام شروع کیا جائے گا تاہم رواں برس اگست میں فلم کے مرکزی کردار چیڈوک بوسمین کی اچانک موت کے بعد اس کی شوٹنگ کو مؤخر کردیا گیا تھا۔

چیڈوک بوسمین رواں برس اگست میں بڑی آنت کے کینسر کے باعث 43 سالہ کی عمر میں چل بسے تھے۔

انہوں نے 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم 'بلیک پینتھر' میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی سیاہ فام سپر ہیرو فلم ’بلیک پینتھر‘

ان کی اچانک موت کے بعد مارول اسٹوڈیو نے 'بلیک پینتھر' کے سیکوئل پر کام کو کچھ ماہ کے لیے موَخر کرنے کا عندیہ دیا تھا لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ سیکوئل پر آئندہ برس جولائی میں کام کا آغاز کردیا جائے گا۔

نئی فلم کو چیڈوک بوسمین کے کردار کے بغیر بنائے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ
نئی فلم کو چیڈوک بوسمین کے کردار کے بغیر بنائے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ

شوبز میگزین ہولی وڈ رپورٹر نے اپنی خبر میں فلم سے جڑے متعدد قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مارول اسٹوڈیو نے 'بلیک پینتھر' کے سیکوئل پر کام کرنے کا عندیہ دیا ہے اور جولائی 2021 میں اس پر کام شروع کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ نئی فلم کا نام کیا رکھا جائے گا اور اس میں چیڈوک بوسمین کے کردار کے ساتھ کیا کیا جائے گا؟

یہ اطلاعات تھیں کہ ممکنہ طور پر فلم کی ٹیم کمپیوٹر و مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے چیڈوک بوسمین کے کردار کو سیکوئل میں شامل کرے گی تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کی ٹیم ایسا ارادہ نہیں رکھتی۔

واضح طور پر مارول اسٹوڈیو نے 'بلیک پینتھر' کے سیکوئل پر جولائی 2021 سے کام شروع کیے جانے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم فلم سے جڑے قریبی ذرائع کے مطابق سیکوئل کی شوٹنگ جولائی میں امریکی ریاست جارجیا کے شہر ایٹلانٹا میں شروع کی جائے گی۔

چیڈوک بوسمین رواں برس اگست میں کینسر کے باعث چل بسے تھے—اسکرین شاٹ
چیڈوک بوسمین رواں برس اگست میں کینسر کے باعث چل بسے تھے—اسکرین شاٹ

ذرائع کے مطابق چیڈوک بوسمین کی موت کے بعد ممکنہ طور پر 'بلیک پینتھر' کے سیکوئل میں کہانی کو تبدیل کرتے ہوئے دوسرے کرداروں کو اہم دکھایا جائے گا، جس میں سب سے زیادہ اداکارہ لتیشیا رائے کے کردار کو اہم دکھائے جانے کا امکان ہے۔

'بلیک پینتھر' کی پہلی فلم میں لتیشیا رائے نے چیڈوک بوسمین کی جواں سالہ بہن کا کردار ادا کیا تھا اور اب ممکنہ طور پر ان کے کردار کو اہم دکھائے جانے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: سیاہ فام سپر ہیروز فلم’بلیک پینتھر‘ کا منفرد اعزاز

ذرائع کے مطابق فلم کی دیگر کاسٹ تقریبا وہی رکھی جائے گی اور دیگر کرداروں کو بھی مزید اہم کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سیکوئل میں میکسیکن اداکار تنوج ہرتا کو اہم ولن کے کردار کے لیے کاسٹ کیے جانے بھی امکان ہے۔

سیکوئل فلم میں چیڈوک بوسمین کی نوجوان بہن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کو اہم کردار میں دکھائے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ
سیکوئل فلم میں چیڈوک بوسمین کی نوجوان بہن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کو اہم کردار میں دکھائے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ

ذرائع کے مطابق سیکوئل کی دیگر کاسٹ میں لتیشیا رائے، مائیکل بی جارڈن، دنائے گریرا لپیتا نیونگو، اینجلا بیست، ونسٹن ڈیوک، فوریسٹ وٹیکر اور مارٹن فریمین سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہوں گے۔

خیال رہے کہ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم 'بلیک پینتھر' کی کہانی امریکا میں 1960 اور 1970 کی دہائی میں شائع ہونے والے سیاہ فام سپر ہیروز کے کامک ناول ’بلیک پینتھر‘ سے ماخوذ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فلم 'بلیک پینتھر' کے اداکار چیڈوک بوسمین کینسر کے باعث انتقال کرگئے

فلم میں افریقہ کے ایک گمشدہ حصے کو دکھایا گیا ہے، فلم میں شاہی روایات اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے نئے ڈرامائی اندازوں کو بھی بھرپور دکھایا گیا ہے۔

اگرچہ مذکورہ فلم کو تھری ڈی میں پیش نہیں کیا گیا تھا مگر فلم کے سیٹ، کاسٹیومز اور دیگر پہلو لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ لیتے ہیں۔ مذکورہ فلم کو ہولی وڈ کی پہلی سیاہ فام سپر ہیرو فلم کا اعزاز بھی حاصل ہے اور اس نے کمائی کے نئے ریکارڈز اپنے نام کیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024