پی ڈی ایم اُس گھوڑے پر سوار ہونا چاہتی ہے جس پر پی ٹی آئی پہلے سے موجود ہے، سراج الحق
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے موجودہ حکومت کو 'پاکستان کی تاریخ کی نالائق، نااہل اور ناکام ترین' حکومت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی داخلی و خارجہ یا کشمیر پالیسی پر اعتراض نہیں ہے بلکہ صرف اپنے مفادات کا خیال ہے۔
سوات میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم بننے سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ احتجاج کے لیے کنٹینرز فراہم کروں گا اور اسعتفیٰ دے دوں گا۔
مزیدپڑھیں: جماعت اسلامی کا کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ
سراج الحق نے کہا کہ آج میں عمران خان کو ان کا وعدہ یاد دلانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ 'مجھے بتائیں کہ گزشتہ 800 دنوں میں کون سے گورنر ہاؤس میں یونیورسٹی قائم کی گئی اور وہاں طلبہ کو داخلے دیے گئے'۔
سراج الحق نے حکومت کو مخاطب کرکے کہا کہ 'آپ نے پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کا وعدہ کیا لیکن آپ کے دور اقتدار میں مساجد اور مدارس کی توہین کی گئی اور پیغمبر اسلام کی شان میں مسلسل گستاخی کی جارہی ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک بشمول سعودی عرب سمیت چین، پاکستان پر اعتماد نہیں کررہے اور معیشت بحران کا شکار ہے۔
مزید پڑھیں: جماعت اسلامی نے کراچی کو حقوق نہ ملنے پر 'قومی تباہی' کا خدشہ ظاہر کردیا
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں ہر چیز مہنگی لیکن موت سستی ہوگئی ہے۔
جماعت اسلامی کے امیر نے حکومت مخالف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے ساتھ داخلی و خارجہ، کشمیر یا تعلیمی پالیسی پر اختلاف نہیں ہے بلکہ پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتیں بھی اسی گھوڑے پر سوار ہونا چاہتی ہیں جس پر آج پی ٹی آئی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے موجودہ حکومت کے منہ میں دودھ کی بوتل دی، پی ڈی ایم چاہتی ہے کہ وہ بوتل ان کے منہ میں دے دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف آواز اٹھائی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ موجودہ انتظامیہ کے تحت الیکشن کروانا اپنے آپ کو دھوکا دینے کے مترادف ہے۔
مزید پڑھیں: جماعت اسلامی کا یکم نومبر سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفیٰ کے نفاذ میں پوشیدہ ہے اور جماعت اسلامی کی حکومت قائم ہو۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف یکم نومبر سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
جماعت اسلامی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ آسمان کو چھوتی مہنگائی، بیروزگاری اور حکمرانوں کی نااہلی کے خلاف تحریک خیبرپختونخوا سے شروع ہوگی۔