• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شمالی وزیرستان: آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید

شائع November 22, 2020
شہید سپاہی صدام کا تعلق کرک سے ہے—فوٹو: آئی ایس پی آر
شہید سپاہی صدام کا تعلق کرک سے ہے—فوٹو: آئی ایس پی آر

صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان میں اسپن وام کے شمال مغرب میں دریائے کیتو کے قریب دہشت گردوں کے ٹکھانے پر کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جیسے ہی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا دہشت گردوں نے علاقے سے فرار ہونے کے لیے فائرنگ شروع کردی، تاہم اس دوران فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

مزید پڑھیں: جنوبی وزیرستان: دہشتگردوں کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ، 2 جوان شہید

بیان میں کہا گیا کہ اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک سپاہی صدام شہید ہوگیا جبکہ 2 جوان زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی صدام کی عمر 27 سال اور ان کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے کرک سے ہے۔

خیال رہے کہ وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، سیکیورٹی فورسز نے حالیہ مقابلوں کے دوران متعدد اہم دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے جبکہ پاکستانی فوجی جوانوں نے بھی اس دوران جام شہادت نوش کیا ہے۔

19 نومبر کو خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے پاشا زیارت کے نزدیک سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 فوجی جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ دہشت گردوں نے گزشتہ رات حملہ کیا جس کا سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیا۔

17 اکتوبر کو قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے آئی ای ڈی دھماکے میں ایک افسر اور 5 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی وزیرستان میں کارروائی، کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

اس سے قبل 10 اکتوبر کو عسکریت پسندوں نے صبح صادق کے وقت ایک چوکی پر راکٹ فائر کیے جس کے نتیجے میں 2 فوجی شہیدجبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 27 ستمبر کو پیٹرولنگ کے دوران دہشت گردوں اور پیٹرولنگ پارٹی کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن عبداللہ ظفر نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے شکائی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں رات کے اوقات میں پیٹرولنگ کا آغاز کیا تھا۔

اس کے علاوہ 20 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے اسپیل جا گاؤں کے قریب خفیہ اطلاع پر کیے جانے والے آپریشن کے دوران 2 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کا حملہ، افسر سمیت 6 جوان شہید

13 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کی ضلعی سرحد کے قریب کارروائی کے دوران دہشت گرد کمانڈر احسان اللہ سنڑے اور دیگر 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

12 ستمبر کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کا 33 سالہ سپاہی ساجد شہید ہوگیا تھا۔

7 ستمبر کو شمالی وزیر ستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں مطلوب دہشت گرد وسیم زکریا سمیت 5 دہشت گرد ہلاک اور 10 کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

4 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں شگانشپا روڈ پر گھیریوم سیکٹر میں سڑک کی مرمت کرنے والی ٹیم کی حفاظت پر مامور پاک فوج کے دستے کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے ریموٹ کنٹرول دھماکا کیا گیا۔

دھماکے میں 23 سالہ لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد، 33 سالہ نائیک محمد عمران اور 30 سالہ سپاہی عثمان اختر نے جام شہادت نوش کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024