اسرائیلی عہدیدار سے 6 ماہ میں پہلی ملاقات ہوئی ہے، فلسطینی وزیر
فلسطین کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ انہوں نے 6 ماہ میں پہلی مرتبہ اسرائیلی فوج کے ایک افسر سے بات چیت کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے شہری امور کے وزیر حسین الشیخ نے کہا کہ 6 ماہ میں ہونے والی پہلی ملاقات میں متعدد امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
مزید پڑھیں: اسرائیل سے معاہدہ کرکے یو اے ای نے عالم اسلام، فلسطینوں کے ساتھ غداری کی، ایران
انہوں نے کہا کہ میں نے آج اسرائیلی عہدیدار سے ملاقات کی اور اسرائیلی حکام پر واضح کیا کہ بین الاقوامی دوطرفہ معاہدوں پر دستخط ہی دونوں کے درمیان تعلقات میں ٹھہراؤ لاسکتے ہیں۔
حسین الشیخ نے کہا کہ 'اسرائیل نے تمام مالی واجبات فلسطینی اتھارٹی کو منتقل کرنے پر اتفاق کیا ہے'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے گھروں کو مسمار اور زمینوں پر قبضے سے متعلق تصفیہ کی پالیسی کو مسترد کردیا۔
شہری امور کے وزیر حسین الشیخ نے بتایا کہ 'جلد ہی ایک اور اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق ہوا ہے'۔
فلسطین کی خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ حسین الشیخ نے میجر جنرل کمال ابورقان سے ملاقات کی جو اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں شہری امور کے ذمہ دار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطینیوں نے متحدہ عرب امارات-اسرائیل معاہدے کو یکسر مسترد کردیا
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر ملاقات سے متعلق تفصیلات کی تصدیق نہیں کی گئی۔
یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو اسرائیل کے دورے پر ہیں۔
13 اگست کو امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مابین امن معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات استوار کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔
امریکا کے صدر نے کہا تھا کہ اسرائیلی اور متحدہ عرب امارات کے وفود آئندہ ہفتوں میں سرمایہ کاری، سیاحت، براہ راست پروازوں، سلامتی اور باہمی سفارتخانوں کے قیام سے متعلق دوطرفہ معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
واضح رہے کہ فلسطین کے عوام اور رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے معاہدے پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا تھا۔
مزید پڑھیں: اسرائیل، یواے ای معاہدہ: 'بے باک، شرمناک، اچھی خبر'، عالمی سطح پر ملاجلا ردعمل
فلسطین نے اسرائیلی قبضے کے خاتمے تک اپنی جدوجہد بھرپور انداز میں جاری رکھنے کا عزم دہرایا تھا۔
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان 'امن معاہدہ' ہوا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات بحال ہوگئے ہیں۔