• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

گلگت بلتستان انتخابات میں کامیاب ہونے والے 4 آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل

شائع November 19, 2020
ان 4 ارکان کی شمولیت سے تحریک انصاف کی گلگت بلتستان میں نشستوں کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے — فائل فوٹو / جی بی کلرز ڈاٹ کام
ان 4 ارکان کی شمولیت سے تحریک انصاف کی گلگت بلتستان میں نشستوں کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے — فائل فوٹو / جی بی کلرز ڈاٹ کام

گلگت بلتستان انتخابات میں کامیاب ہونے والے بلتستان ریجن کے چاروں آزاد امیدوار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شامل ہو گئے۔

حلقہ جی بی اے 9 سے کامیاب آزاد امیدوار وزیر سلیم، حلقہ 10 سے راجہ ناصر، حلقہ 22 سے مشتاق حسین اور حلقہ 23 سے عبدالحمید پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں۔

آزاد ارکان کو تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال الدین اور وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے ہار پہنا کر جماعت میں خوش آمدید کہا۔

ان 4 ارکان کی شمولیت سے تحریک انصاف کی گلگت بلتستان میں نشستوں کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے، جبکہ مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے بھی ایک نشست کے ساتھ تحریک انصاف کی حمایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان انتخابات: پی ٹی آئی 9 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے

واضح رہے کہ 15 نومبر کو منعقد ہونے والے گلگت بلتستان انتخابات میں تحریک انصاف کے بعد آزاد امیدواروں نے سب سے زیادہ 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

گلگت بلتستان کی تیسری قانون ساز اسمبلی کی 24 جنرل نشستوں کے لیے 4 خواتین سمیت 330 اُمیدوار انتخابات میں حصہ لیا، تاہم ووٹنگ 23 نشستوں پر ہوئی کیونکہ پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر جسٹس (ر) جعفر شاہ کے کورونا وائرس کی وجہ سے وفات کے بعد جی بی ایل اے 3 میں انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے۔

اپوزیشن کی جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے انتخابات میں 'چوری' اور 'دھاندلی' کے الزامات عائد کرتے ہوئے نتائج کو مسترد کردیا تھا۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی دھرنا بھی دیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں انتخابی دن کیا کچھ ہوا؟

خواتین کو ووٹ سے محروم کرنے کا نوٹس

ادھر گلگت بلتستان الیکشن کمیشن نے دیامر میں مذہبی دباؤ پر خواتین کو ووٹ سے محروم کرنے کا نوٹس لے لیا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ جی بی اے 17 دیامر میں جت کے پولنگ اسٹیشن میں خواتین کو دباؤ پر ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر 22 نومبر کو دوبارہ پولنگ ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024