• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

غیر قانونی فنڈنگ کیس: حافظ سعید کو ساڑھے 10 سال قید کی سزا

شائع November 19, 2020
غیر قانونی فنڈنگ کے الزام ثابت ہونے پر جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو دو کیسز میں سزا سنائی گئی — فائل فوٹو / اے ایف پی
غیر قانونی فنڈنگ کے الزام ثابت ہونے پر جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو دو کیسز میں سزا سنائی گئی — فائل فوٹو / اے ایف پی

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے غیر قانونی فنڈنگ کے کیس میں کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو مجموعی طور پر ساڑھے 10 سال قید کی سزا سنادی۔

عدالت نے جماعت الدعوۃ کے دیگر رہنماؤں پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو بھی ساڑھے 10، 10 سال جبکہ حافظ عبدالرحمٰن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا بھی سنائی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کی جائیداد ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے۔

غیر قانونی فنڈنگ کے الزام ثابت ہونے پر جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو دو کیسز میں سزا سنائی گئی۔

ملزمان کے خلاف مقدمات پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے درج کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: حافظ سعید کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے 2 مقدمات میں 11 سال قید

یاد رہے کہ1997 کے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے الزام میں جولائی 2019 میں جماعت الدعوۃ کے صف اول کے 13 رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی نے پنجاب کے پانچ شہروں میں مقدمات درج کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ الانفال ٹرسٹ، دعوت الارشاد ٹرسٹ، معاذ بن جبل ٹرسٹ وغیرہ جیسی فلاحی تنظیموں اور ٹرسٹ سے اکٹھا ہونے والی رقم اور فنڈز کو جماعت الدعوۃ نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیا۔

محکمہ انسداد دہشت گردی نے ان تنظیموں پر اپریل میں پابندی عائد کردی تھی جہاں تفصیلی تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ ان تنظیموں کے جماعت الدعوۃ اور ان کی قیادت سے روابط ہیں۔

مزید پڑھیں: دہشتگردوں کی مالی معاونت کے کیس میں جماعت الدعوۃ کے 2 رہنماؤں کی سزائیں معطل

اس کے بعد 17 جولائی کو حافظ سعید کو سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے الزام میں گوجرانوالہ سے گرفتار کیا تھا اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

11 دسمبر کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزام میں کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید اور ان کے 4 ساتھیوں پر فرد جرم عائد کی تھی۔

رواں سال فروری میں بھی حافظ سعید کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دو مقدمات میں مجموعی طور پر 11 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024