کورونا وائرس کے باعث کوک فیسٹ آن لائن منعقد کرنے کا اعلان
دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ جہاں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئی ہے وہیں سماجی دوری کی وجہ سے ایوارڈ شوز، میوزک کنسرٹس بھی کافی زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کے مختلف ممالک میں کئی عالمی تقریبات منسوخ ہوئیں جبکہ کچھ آن لائن بھی منعقد ہوئیں۔
اسی طرح پاکستان میں بھی کئی تقریبات منسوخ ہوئیں اور اب کورونا وائرس کے دوبارہ بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے رواں ماہ ملک کا پہلا ڈیجیٹل میوزک فیسٹیول منعقد کیا جارہا ہے۔
ہر سال کوک فیسٹ یعنی کوکا کولا فوٹ اینڈ میوزک فیسٹیول ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کیا جاتا ہے جس میں گلوکاروں کی لائیو پرفارمنس بھی ہوتی ہے۔
کوک فیسٹ میں عموماً عوام کی بڑی تعداد کی شریک ہوتی ہے اور یہ 2 سے 3 روز تک جاری رہتا ہے۔
اس سال بھی 3 روزہ کوک فیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا جو 20 سے 22 نومبر تک جاری رہے گا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے یہ فیسٹیول آن لائن منعقد ہوگا جو ملک کا پہلا ڈیجیٹل میوزک فیسٹیول بھی ہوگا۔
کوکا کولا پاکستان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق رواں برس کوک فیسٹ کو پاکستان کے آن لائن میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم پٹاری اور آن-ڈیمانڈ ویڈیو پلیٹ فارم ٹیپ میڈ کے اشتراک سے پیش کیا جائے گا۔
کوک فیسٹ کی ویب سائٹ کے مطابق میوزک فیسٹیول میں شرکت مفت ہوگی جس کے لیے شائقین کو میوزک اسٹریمنگ ایپ پر رجسٹر کرنا لازمی ہوگا۔
جس کے بعد موصول ہونے والے منفرد کوڈ کے ذریعے انہیں ٹیپ میڈ پر پرفارمنسز دیکھنے کی اجازت حاصل ہوگی۔
اس سال فوڈ فیسٹیول منعقد نہیں ہوسکے گا لیکن شائقین کو فوڈ ڈسکاؤنٹس دیے جائیں۔
کوک فیسٹ میں 10 آرٹسٹ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جب میں 9 سالہ پاکستانی ریپر وقاص بلوچ عرف تھاؤزنڈ، نتاشا بیگ، سیرین جہانگیر، شمعون اسمٰعیل، عبداللہ صدیقی، علی نور اور دیگر شامل ہوں گے۔