• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

حکومت سے قبل نجی ادارہ اسٹریمنگ سائٹ 'اردو فلکس' متعارف کرانے کو تیار

شائع November 18, 2020
ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فام نے اسٹریمنگ ویب سائٹ متعارف کرانے کا اعلان کردیا—فوٹو؛ فیس بک
ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فام نے اسٹریمنگ ویب سائٹ متعارف کرانے کا اعلان کردیا—فوٹو؛ فیس بک

رواں ماہ اکتوبر میں وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے عندیہ دیا تھا کہ حکومت جلد ہی اسٹریمنگ ویب سائٹ 'نیٹ فلیکس' کے ٹکر کی ویب سائٹ متعارف کرائے گی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اسٹریمنگ ویب سائٹ کا کافی کام مکمل کرلیا ہے اور وزارت نے پاکستان الیکٹرنک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے مواد آن ایئر کرنے سے متعلق ہدایات تیار کرنے کو کہا ہے۔

حکومت کی جانب سے اسٹریمنگ ویب سائٹ شروع کیے جانے کے اعلان کے بعد شوبز شخصیات سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی حکومتی اعلان کا خیر مقدم کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نیٹ فلیکس کا پاکستانی ورژن لانچ کرنے کے لیے تیار ہیں، فواد چوہدری

اگرچہ تاحال حکومت کی جانب سے اسٹریمنگ ویب سائٹ متعارف کرائے جانے سے متعلق کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی، تاہم خبریں ہیں کہ ایک نجی ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم بھی جلد اسٹریمنگ ویب سائٹ متعارف کرائے گا۔

جی ہاں، خبریں ہیں کہ ای میکس میڈیا نامی ڈیجیٹل پلیٹ فام جلد ہی نیٹ فلیکس کی ٹکر کی ویب سائٹ 'اردو فلکس' متعارف کروائے گا۔

پرو پاکستانی نے اپنی رپورٹ میں ایک اور ویب سائٹ کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ای میکس میڈیا گروپ کے بانی فرحان گوہر نے تصدیق کی کہ ان کا گروپ جلد ہی اسٹریمنگ ویب سائٹ متعارف کرائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل میڈیا گروپ، جو پہلے ہی اسٹریمنگ ویب سائٹ چلا رہا ہے، وہ نیٹ فلیکس طرز کی ویب سائٹ 'اردو فلکس' متعارف کرائے گا، جس میں خالصتا اردو ڈرامے، فلمیں، دستاویزی فلمیں، کامیڈی اور ریئلٹی شوز سمیت ترکی کے اردو زبان میں ترجمہ کیے گئے ڈرامے نشر کیے جائیں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ 'اردو فلکس' کو کب تک متعارف کرایا جائے گا، تاہم ابتدائی طور پر اس کی ویب سائٹ بھی متعارف کرادی گئی ہے، جس پر تاحال کوئی بھی مواد موجود نہیں ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ 'اردو فلکس' کو رواں سال کے اختتام یا سال نو کے موقع پر متعارف کرایا جائے گا اور ابتدائی طور پر ویب سائٹ پر پاکستان کے مقبول ڈرامے اور فلمیں پیش کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ ایسی ویب سائٹس پر صارف اس وقت ہی کوئی ڈراما یا فلم دیکھ سکتا ہے جب وہ اس ویب سائٹ کی پیسوں کے عوض سبسکرپشن کرواتا ہے۔

مزید پڑھیں: نیٹ فلیکس کے ’پاکستانی ورژن’ پر شوبز شخصیات کا ردعمل

صارف کو ماہانہ فیس ادا کرنی پڑتی ہے، جس کے عوض مذکورہ ویب سائٹ صارف کو فلموں، ڈراموں اور شوز دیکھنے تک رسائی دیتی ہے۔

عام طور پر ایسی ویب سائٹس کی ماہانہ فیس پاکستانی ایک ہزار روپے سے 1500 تک ہوتی ہے، تاہم حالیہ کچھ عرصے میں ٹی وی اور سینما کے مقابلے اسٹریمنگ ویب سائٹس کے رجحان میں اضافے کے باعث ان کی فیس میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ 'اردو فلکس' کی ماہانہ فیس کتنی ہوگی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کی ماہانہ 750 سے لے کر 1200 تک ہوسکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024