• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

16سال بعد انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کا اعلان

شائع November 18, 2020
انگلینڈ کی ٹیم آئندہ سال دو ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کی ٹیم آئندہ سال دو ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ نے 16 سال بعد پاکستان کے دورے کی تصدیق کردی ہے اور انگلش ٹیم آئندہ سال دو ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے 16 سال بعد پہلی مرتبہ دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی کنگز پی ایس ایل 2020 کی چمپیئن

انگلینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال پاکستان میں دو ٹی20 میچز کھیلے گی جو 14 اور 15 اکتوبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

انگلش کرکٹ ٹیم 12 اکتوبر کو کراچی پہنچے گی اور دورے کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت کے لیے 16 اکتوبر کو اکٹھا بھارت روانہ ہوجائیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ کو جنوری 2021 میں مختصر دورانیے کے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جس پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے منگل کی شام دورہ پاکستان کی تصدیق کردی تھی البتہ مہمان ٹیم یہ دورہ اکتوبر میں کرے گی۔

جنوری میں اپنے اسٹار کھلاڑیوں کی مصروفیات کے باعث انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس دعوت نامہ کے جواب میں آئندہ سال ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل اکتوبر میں دورے کی تجویز پیش کی جسے پی سی بی نے قبول کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: شکیب الحسن نے ہندو برادری کی تقریب میں شرکت پر معافی مانگ لی

انگلش کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔

سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردی حملے کے بعد پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں نے آنا بند کیا تو پاکستان نے سال 2012 اور 2015 میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر انگلینڈ کی میزبانی کی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے انگلینڈ کی جانب سے دورے کی تصدیق پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا 16 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا ،جو 23-2022 میں دونوں ممالک کے مابین وائیٹ اور ریڈ بال کرکٹ سیریز کے انعقاد میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی ہوم سیریز کے بعد انگلینڈ کے مکمل اسکواڈ کی میزبانی کرے گا، اس دوران ہم آسٹریلیا کی میزبانی کے بھی منتظر ہوں گے، جو سیزن 22-2021 کے فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے، پھر انگلینڈ کرکٹ ٹیم سیزن 23-2022 میں ایک بار پھر ریڈ اور وائیٹ بال کرکٹ کھیلنے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر 2021 میں ٹی20 سیریز کے لیے پاکستان آمد پر انگلینڈ کے کھلاڑی یہاں ہماری جانب سے اٹھائے گئے عالمی معیار کے اقدامات کا جائزہ لے سکیں گے جو انہیں 23-2022 میں ایک مرتبہ پھر دورہ پاکستان کے لیے آنے اور پاکستان سپر لیگ میں اپنی دلچسپی ظاہر کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔

مزید پڑھیں: کرکٹ آسٹریلیا بگ بیش میں تین نئے قوانین متعارف کرانے کیلئے تیار

انہوں نے کہا کہ عوام نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے بہت انتظار کیا ہے، اب سال 2021 میں جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان سے آئندہ سال پاکستان میں بلا تعطل انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جائے گی۔

وسیم خان نے کہا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس دورے کی تصدیق ہمارے اس مؤقف کی تائید کرتی ہے کہ پاکستان کھیلوں کے لیے ایک محفوظ ملک ہے اور یہ دورہ اس امر کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ ہمارے انگلش کرکٹ بورڈ کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہیں۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن نے کہا کہ وہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آئندہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں اور 2005 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط اور اچھے اور انہی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم وہاں کے فینز کے لیے ان کے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی محفوظ واپسی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو ای سی بی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف یہ دو میچوں کی سیریز انگلینڈ کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2021 کی تیاریوں میں مدد کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ہزاروں میل دور بیٹھ کر پاکستان کی سیکیورٹی پر فیصلہ صادر نہ کریں، چیئرمین زمبابوے کرکٹ

برٹش ہائی کمشنر آف پاکستان ڈاکٹر کرسٹن ٹرنر نے کہا کہ وہ جب سے پاکستان آئے ہیں انہوں نے پاکستان میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے استقبال کو اپنا ہدف بنایا ہوا تھا، اب 16 سال کا انتظار ختم ہوا اور انہیں خوشی ہے کہ 2021 میں انگلینڈ کی ٹیم یہاں پاکستان آکر کرکٹ کھیلے گی۔

برٹش ہائی کمشنر نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ پاکستان میں اسٹیڈیم کو دوبارہ سے آباد ہوتا دیکھنا چاہتا ہے اور یہ دورہ اس لحاظ سے اہم ثابت ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024