• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شکیب الحسن نے ہندو برادری کی تقریب میں شرکت پر معافی مانگ لی

شائع November 17, 2020
بھارت میں ہندو برادری کی تقریب میں شرکت پر نامور بنگلہ دیشی کرکٹر کو دھمکیاں دی گئی تھیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارت میں ہندو برادری کی تقریب میں شرکت پر نامور بنگلہ دیشی کرکٹر کو دھمکیاں دی گئی تھیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کے عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شکیب الحسن بھارت میں ہندو برادری کی تقریب میں شرکت کے بعد ملنے والی دھمکیوں کے نتیجے میں عوام سے معافی مانگنے پر مجبور ہو گئے۔

شکیب الحسن تک گزشتہ سال کرپٹ عناصر نے رسائی حاصل کی تھی اور اس بارے میں رپورٹ نہ کرنے پر ان پر ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی اور حال ہی میں اس پابندی کا خاتمہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی نے شکیب الحسن پر 2سال کی پابندی عائد کردی

کولکتہ میں ہندوؤں کی تقریب میں شکیب الحسن کی شرکت کے بعد بنگلہ دیش میں سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا اور ان کے خلاف ٹرینڈ زیر گردش کرنے لگے تھے۔

بنگلہ دیش میں اسلامی مبلغین اور علما کا کہنا تھا کہ آل راؤنڈر کو دوسرے عقائد کے حامل مذاہب کی تقریبات میں شرکت نہیں کرنی چاہیے تھی۔

شکیب نے پیر کو آن لائن فورم پر معافی مانگتے ہوئے وضاحت پیش کی کہ میں اسٹیج پر بمشکل دو منٹ کے لیے موجود تھا، لوگ اس بارے میں بات کررہے ہیں اور یہ سمجھ رہے ہیں کہ میں نے اس کا افتتاح کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک باشعور مسلمان ہونے کے ناطے مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، شاید مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، میں اس کے لیے معذرت خواہ ہوں اور معافی چاہتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: شکیب پر پابندی کے خلاف بنگلہ دیش میں عوام سراپا احتجاج

آل راؤنڈر نے کہا کہ ایک باعمل مسلمان کی حیثیت سے میں نے ہمیشہ مذہبی عقائد پر عمل کرنے کی کوشش کی، اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے تو براہ مہربانی مجھے معاف کردیں۔

واضح رہے کہ شکیب نے معافی ایک ایسے موقع پر مانگی ہے جب چند گھنٹے قبل ہی فیس بک پر لائیو فورم کے دوران ایک شخص نے کرکٹر پر مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے دھمکی دی تھی البتہ بعد میں اس شخص نے معافی مانگ لی تھی۔

یاد رہے کہ ون ڈے کرکٹ کے سرفہرست آل راؤنڈر نے اکتوبر 2019 میں آئی سی سی کے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کی تھی اور کرپٹ عناصر کی جانب سے رابطہ کیے جانے کے باوجود رپورٹ نہیں کیا تھا۔

مزید پڑھیں: شکیب کی بُکی سے ہونے والی خفیہ باتیں منظر عام پر آگئیں

قوانین کی خلاف ورزی پر ان پر دو سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جس میں سے ایک سال کی سزا ختم کرتے ہوئے بقیہ ایک سال کے لیے کھیل سے معطل کردیا گیا تھا۔

2015 میں شکیب الحسن کھیل کے تینوں فارمیٹ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 میں عالمی نمبر ایک بننے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024