• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان کا کورونا وائرس ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ

شائع November 17, 2020
پاکستان نے 2 کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
پاکستان نے 2 کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

پاکستان نے کورونا وائرس کی ویکسین کی پیشگی (ایڈوانس) بکنگ کا فیصلہ کرلیا۔

اس حوالے سے پارلیمانی سیکریٹری برائے قومی صحت سروسز نوشین حامد نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی ویکسین پر کام ہورہا ہے اور کئی لوگ اس میں کامیابی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی یہ ویکسین بنے گی تو اس کی طلب ہوگی اور لوگ ابھی سے اس کی ایڈوانس بکنگ کروا رہے ہیں تو پاکستان نے بھی 2 کمپنیز کو شارٹ لسٹ کیا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کی بھی منظوری مل گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وبا: پاکستان میں مزید 33 اموات، 2 ہزار 50 نئے کیسز بھی رپورٹ

نوشین حامد نے بتایا کہ پاکستان بھی عنقریب ان کمپنیز میں پیشگی ادائیگی (ایڈوانس پیمنٹ) کرکے بکنگ کروا لے گا، اس کے علاوہ جن لوگوں کو یہ ویکسین لگنی ہے ان کے حوالے سے بھی پاکستان نے فیصلہ کرلیا ہے اور انہیں شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔

پارلیمانی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ تقریباً ایک کروڑ لوگوں کے لیے پہلے مرحلے میں یہ ویکسین لی جائے گی جس میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور 65 سال کی عمر سے بڑے لوگ شامل ہوں گے اور ان کے لیے پہلے مرحلے میں ویکسین باہر سے منگوائی جائے گی۔

اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بہت اہم فیصلے لیے جارہے ہیں اور یہ نہیں کہا گیا کہ اسکول بند نہیں کیے جائیں گے بلکہ ابھی صرف ایک ہفتے کے لیے فیصلہ مؤخر کیا گیا ہے اور 23 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں یہ امکانات ہیں کہ قبل از وقت سردیوں کی طویل چھٹیوں کا اعلان ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے اپنے جلسے فوری طور پر ختم کردیے ہیں جبکہ شادی ہالز میں پابندیوں کو سخت کیا گیا ہے اور مارکیٹ اور فیکٹریز میں ایس او پیز پر سخت عملدرآمد کی ہدایات کی گئی ہیں۔

دوران گفتگو انہوں نے کہا کہ عوام کو آگاہ کیا جارہا ہے کہ اگر ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہوا تو مزید سخت اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے گزشتہ ہفتے فائرز اور بائیو این ٹیک نے اپنی ویکسین کے انسانی ٹرائل کے تیسرے مرحلے کے ابتدائی نتائج جاری کیے تھے، جس میں اسے بیماری سے تحفظ کے لیے 90 فیصد موثر قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی نئی قسم نے اس کے پھیلاؤ کی رفتار بڑھا دی، تحقیق

اس کے بعد روس کی جانب جاری نتائج میں ویکسین کو بیماری سے بچانے میں 92 فیصد مؤثر قرار دیا گیا تھا تاہم گزشتہ دونوں امریکا کی موڈرینا کمپنی نے انسانی ٹرائل کے تیسرے مرحلے کے نتائج جاری کیے جو گزشتہ ہفتے جاری ہونے والے نتائج کے مقابلے میں زیادہ متاثر کن ہیں۔

موڈرینا کمپنی نے سب سے پہلے رواں سال مارچ میں اپنی ویکسین کا انسانی ٹرائل شروع کیا تھا اور اب آخری مرحلے کے ابتدائی نتائج کے مطابق یہ ویکسین کووڈ 19 سے تحفظ کے لیے لگ بھگ 95 فیصد موثر ہے۔

یہ ابتدائی نتائج 95 مریضوں پر مبنی تھے جن میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی اور دریافت کیا گیا کہ اس ویکسین کی افادیت 94.5 فیصد ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے اور ملک میں 17 نومبر کی دوپہر تک مجموعی متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار 82 ہے جس میں سے 3 لاکھ 24 ہزار 834 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 7 ہزار 193 کا انتقال ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024