• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حکومت سے مذاکرات کامیاب: ٹی ایل پی فیض آباد دھرنا ختم کرنے پر آمادہ

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ریلی کے شرکا پرتشدد واقعات میں ملوث ہوسکتے ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ریلی کے شرکا پرتشدد واقعات میں ملوث ہوسکتے ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف فیض آباد میں جاری احتجاجی دھرنا ختم کرنے پر آمادگی کا اظہار کردیا۔

اس ضمن میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی سربراہی میں مذاکراتی ٹیم نے ٹی ایل پی کے سربراہ علامہ خادم رضوی سے مذاکرات کیے۔

وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ، کمشنر اسلام آباد عامر احمد اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر اور سیکریٹری داخلہ بھی مذاکراتی ٹیم میں شامل تھے۔

مذاکرات کے نتیجے میں ٹی ایل پی کے سربراہ علامہ خادم رضوی نے احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا جس کا اعلان کچھ دیر میں متوقع ہے۔

جڑواں شہروں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات

واضح رہے اس سے قبل اسلام آباد انتظامیہ نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر فیض آباد میں پولیس، رینجرز اور فرنٹیئر کور کے 3 ہزار 113 سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کردیا۔

گزشتہ روز راولپنڈی میں منعقدہ احتجاجی ریلی میں 5 ہزار افراد نے شرکت کی تھی، ریلی آج بھی جاری رہی اور ریلی کے شرکا نے روڈ بلاک کردیا جس کے باعث لوگوں کو دارالحکومت میں داخل ہونے میں دشواری کا سامنا رہا۔

مزید پڑھیں: ٹی ایل پی کی ریلی روکنے کیلئے اسلام آباد کے داخلی راستے بند

15 نومبر کو اسلام آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (آپریشنز) کے دفتر سے جاری نوٹی فکیشن میں پرتشدد واقعات کے پیش نظر دارالحکومت میں سیکیورٹی کے تفصیلی انتظامات کا تذکرہ کیا گیا۔

نوٹی فیکیشن میں کہا گیا کہ 'توقع کی جارہی ہے کہ ریلی میں شامل شرکا پرتشدد واقعات کے مرتکب ہوسکتے ہیں اور وہ ضلعی انتظامیہ سے کیے گئے وعدے توڑ کر فرانسیسی سفارت خانے کی طرف بڑھ سکتے ہیں'۔

اسلام آباد کی انتظامیہ کے سینئر افسران نے گزشتہ روز احتجاجی ریلی کے لیے حفاظتی انتظامات طلب کرنے کے بعد ٹی ایل پی رہنماؤں سے رابطہ کیا تھا۔

مظاہرین حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ فرانس سے پاکستان کے سفیر کو واپس بلائے اور اسلام آباد میں تعینات فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: ٹی ایل پی کارکنان اور پولیس میں تصادم، صورتحال کشیدہ

ذرائع نے بتایا کہ افسران نے ٹی ایل پی کے رہنماؤں اور ریلی کے منتظمین کو کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ اسلام آباد سمیت پورے ملک میں کووڈ 19 پھیل رہا ہے'۔

ایس ایس پی آپریشنز کے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں سیکیورٹی عہدیداروں کو شہریوں کی حفاظت، اہم سرکاری تنصیبات، عوامی نظم و ضبط کی بحالی اور مبینہ طور پر دہشت گردی کے حملوں کے سدباب کی ہدایت کی گئی۔

تیسرے دن بھی اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل سگنلز معطل رہے اور فیض آباد انٹر چینج جانے والی سڑکوں کے ساتھ اسلام آباد کے انٹری پوائنٹس کو کنٹینرز رکھ کر بلاک کردیا گیا۔

نمائندہ ڈان نے بتایا کہ جڑواں شہروں میں امن و امان کی صورتحال قابو میں ہے اور کچھ علاقوں میں موبائل سگنلز بحال ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

مزید پڑھیں: خادم رضوی، دیگر 'ٹی ایل پی' رہنماؤں کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

اتوار کے دن صورتحال بالکل مختلف تھی جب لیاقت باغ میدان جنگ کا منظر پیش کر رہا تھا اور پورے دن پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں۔

جھڑپوں کے دوران وارث خان پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او عبدالعزیز سمیت پولیس کے درجنوں اہلکار اور ٹی ایل پی کے متعدد کارکن زخمی ہوئے جنہیں ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

شہر کے 24 داخلی راستوں کو کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا تھا جن میں سوان برج، کچری چوک، ماریئر چوک، لیاقت باغ، شمس آباد، رحمٰن آباد، ڈبل روڈ، اڈیالہ روڈ، چور چوک اور آئی جے شامل ہیں۔

اسلام آباد جانے والے مرکزی روڈ کو بھی بلاک کردیا گیا تھا۔

ٹی ایل پی سے مذاکرات کی ناکامی پر آپریشن کا اختیار

دوسری جانب وزارت داخلہ کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز میں راولپنڈی اور اسلام آباد انتظامیہ کو ٹی ایل پی سے مذاکرات کی ناکامی پر مکمل آپریشن کا اختیار دے دیا گیا ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق احتجاجی شرکا کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی فیصلے کی توثیق کر دی۔

علاوہ ازیں جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بند کردی گئی ہے۔

لاہور سے آنے والی ٹریفک کو ٹی کراس روات سے راولپنڈی کی جانب موڑا جا رہا ہے جبکہ پشاور سے آنے والی ٹریفک کو 26 نمبر چورنگی سے موٹروے کی جانب موڑا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024