سینئر صحافی ارشد وحید چوہدری کورونا وائرس سے انتقال کرگئے
نجی چینل ’جیو نیوز‘ کے سینئر رپورٹر ارشد وحید چوہدری کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔
مرحوم پروگرام 'جیو پارلیمنٹ' کے میزبان بھی تھے اور سیاسی و صحافتی حلقوں میں معروف تھے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ارشد وحید چوہدری میں چند روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد ان کا اسلام آباد کے ہسپتال میں علاج جاری تھا۔
مزید پڑھیں: کورونا کے باعث سینئر صحافی ظفر رشید بھٹی کا انتقال
رپورٹ کے مطابق طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔
ارشد وحید چوہدری نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نائب صدر بھی تھے۔
صحافتی حلقوں سے وابستہ متعدد افراد نے ارشد وحید کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔
سلیم صافی نے کہا کہ 'جیو نیوز کے باکمال رپورٹر اور ہمارے بھائی ارشد وحید چوہدری زندہ نہیں رہے'۔
انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر کی دعا کی۔
سینئر صحافی حامد میر نے بھی ارشد وحید چوہدری کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
ڈان کے سابق ایڈیٹر عباس ناصر نے بھی ارشد وحید چوہدری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
صدر ملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینئر صحافی کے انتقال پر اپنی تعزیتی پیغام میں کہا کہ اللہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
علاوہ ازیں سیاسی رہنماؤں میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ارشد وحید کے انتقال پر کہا کہ یہ بہت ہی تکلیف دہ اور افسوسناک خبر ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے بھی ارشد وحید کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ میدان صحافت کے درخشندہ ستارے اور نہایت نفیس انسان تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ارشد وحید کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے بھی رپورٹر ارشد وحید کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ اپریل میں سرکاری نیوز ایجنسی ’اے پی پی‘ کے سابق چیف رپورٹر اور اے پی پی ایمپلائز یونین کے سابق صدر ظفر رشید بھٹی کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے تھے۔
ظفر رشید بھٹی گزشتہ کئی سالوں سے تبلیغی جماعت کے متحرک رکن تھے اور تبلیغ کے سلسلے میں اپنے آخری سفر کے دوران مشتبہ طور پر وائرس کا شکار ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کو ہلاکر رکھ دینے والے مہلک نوول کورونا وائرس کے پاکستان میں پھیلاؤ میں ایک مرتبہ پھر تیزی آگئی ہے اور جولائی کے بعد مسلسل دوسرے روز ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 54 ہزار 461 تک پہنچ گئی ہے جس میں سے 3 لاکھ 22 ہزار 414 صحتیاب ہوئے ہیں جو 91 فیصد ہے جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 109 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا۔