• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جلسوں میں اپوزیشن کے بیانیے سے بھارت کو مدد مل رہی ہے، علی زیدی

شائع November 14, 2020
انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو ایکسپوز کرتے رہیں گے—فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو ایکسپوز کرتے رہیں گے—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے اپوزیشن کو 'نام نہاد ریاست دوست' قرار دیتے ہوئے کہا کہ جلسوں میں جو بیانیہ اپوزیشن دے رہی ہے وہ پاکستان کی مدد نہیں بلکہ ریاست کے دشمنوں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔

کراچی میں منعقد تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرکے کہا کہ 'آپ دشمنوں کی مدد کر رہے ہیں اور اس بارے میں آپ کو باخوبی ادراک ہے'۔

مزید پڑھیں: علی زیدی نے غیردمہ داری دکھائی، وہ ملزمان کو فائدہ پہنچانا چاہ رہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

انہوں نے کہا کہ 'ابھی تو یہ ظاہر ہوا ہے کہ 22 ارب روپے کی فنڈنگ ہوئی، کچھ وقت بعد یہ بھی سامنے آجائے گا کہ باقی جو بیٹھے ہیں انہیں کتنی فنڈنگ ملی ہے اور آپ بےنقاب ہوجائیں گے'۔

علی زیدی نے کہا کہ 'اگر میڈیا نے آپ کو بےنقاب نہیں کیا تو کم از کم سوشل میڈیا تو موجود ہے، ہم آپ کو بےنقاب کرتے رہیں گے اور اب ملک کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر بننے کے بعد اندازہ ہوا کہ ملک میں اتنی صلاحیت ہے اور ہم وسائل کا ٹھیک طرح سے استعمال کریں تو چند برس میں نمایاں ترقی مل سکتی ہے اور غربت ختم ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن ممالک میں ساحلی پٹی ہے وہ ترقی کر کے ترقی افتہ ملک بن گئے لیکن ہمارے ملک میں وزیر آئے تو انہوں نے صرف اپنے مالی فوائد کو مدنظر رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'علی زیدی میرے ساتھ کسی بھی ٹی وی چینل پر بیٹھنے کو تیار نہیں ہے'

علی زیدی نے پورٹ ٹرسٹ کے حکام سے مخاطب ہو کر کہا کہ ٹگ بوٹ کی مد میں یومیہ 29 ہزار ڈالر کی ادائیگی کو ختم کرنے کے لیے 17 تاریخ کو ہونے والی بولی میں تاخیر مت کریں۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی میرین سروسز کمپنی قائم کرکے پہلی بار ڈریجنگ کا کام کرے گا۔

اس ضمن میں علی زیدی نے کہا کہ پاکستان میں ڈریجنگ میں کرپشن کر کے سیکڑوں لوگ بیرون ملک میں بیٹھے ہیں لیکن اب میرین سروسز کمپنی تمام مراحل ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈریجنگ کی مد میں اگر ماہرین کی ضرورت پڑی تو بیرون ملک سے افرادی قوت کو ملازمت پر رکھیں گے، تاکہ وہ ہمارے لوگوں کی تربیت بھی کریں۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ نے مسافر کشتیاں چلانے کی اجازت دے دی ہے، علی زیدی

ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ای سی سی اور کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر بحری امور علی حیدر زیدی کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے ان کی وزارت کو ممکنہ منازل کے لیے مسافر کشتیاں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں علی زیدی نے کہا تھا کہ 'آج پاکستان کے لیے تاریخی دن ہے کیونکہ وفاقی کابینہ نے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی بلو اکانومی کی تقلید کرتے ہوئے وزارت بحری امور کو دنیا کی تمام ممکنہ منازل کے لیے فیری/مسافر کشتیاں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔'

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024