• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بھارت ملک میں دہشت گردی کی کارروائی کرسکتا ہے، شیخ رشید

شائع November 14, 2020
وزیر ریلوے
وزیر ریلوے

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو سرحدوں پر نقصان نہیں پہنچا سکتا اس لیے وہ ملک کو اندر سے تباہ کرنا چاہتا۔

ریلویز ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت ملک کوئی بھی بڑا دہشت گردی کا واقعہ کرسکتا ہے۔

انہوں نے سیاستدانوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی سیکیورٹی کا خیال رکھیں اور کہا کہ ’را نے پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی سازش شروع کردی ہے، سیاستدان اپنی حفاظت کریں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارت کو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) معاہدہ ہضم نہیں ہورہا‘۔

مزید پڑھیں: چوہدری برادران عمران خان کو ووٹ دیں گے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا ’گلگت بلتستان کی عوام نے پہلی مرتبہ جوش و خروش دیکھا، وہاں کی عوام سمجھدار ہے اور امید ہے کہ پاکستان تحریک انصاف انتخابات میں سرخرو ہوگی‘۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’ملک میں کورونا وائرس دوبارہ پھیل رہا ہے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنی اور اپنے اہل و عیال کی زندگی کو اہمیت دیں اور زیادہ لوگوں میں جمع ہونے سے اجتناب برتیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سیاست دانوں کو بھی عقل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، پاکستان کے گمبھیر معاشی صورتحال ہیں لوگوں کو اکٹھا کرنا غلط ہے، کورونا ایک دفعہ پھر شدت کے ساتھ پھیل گیا تو پاکستان کا کیا بنے گا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’غریب خود بھی دیکھے کہ سیاسی لوگوں کی خواہش میں وہ بیماری کے حالات میں جانا چاہتا ہے؟‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز نے کہا کہ فوج سیاست سے دور ہوجائے، یہ لوگ پی ڈی ایم کی چھتری کے نیچے بات چیت کرنا چاہتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پی ڈی ایم میں صرف 3 جماعتوں پر مشتمل ہے، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جمعیت علما اسلام (ف)، باقی جماعتیں صرف نمبر بڑھانے کے لیے اس میں موجود ہیں‘۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے، مریم نواز بھی نا اہل قرار دی جاچکی ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ان کی اگلی نسل کے لیے کوئی راستہ نکلے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’شہباز شریف کی سیاست کی مسلم لیگ (ن) نے نفی کردی ہے، فیصلہ مریم نواز کرتی ہیں اور ان کا بیانیہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یہ حکومت کہیں نہیں جارہی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آرمی چیف نے واضح کردیا ہے کہ فوج منتخب حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی، اللہ عمران خان کی مدد کرے گا اور ان مسائل سے عمران خان ضرور نکلے گا‘۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کی گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے بڑی پیش گوئی

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ (ن) نے آرمی چیف اور جنرل فیض کا نام لیکر غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، اب نئی سوچ اس بات کا اشارہ دے رہی ہے کہ ان کی بات نہیں سنی جارہی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہے، جو آرمی کے جھولوں میں چوسنی چوس کر جوان ہوئے انہوں نے آرمی کو للکار کر اپنی سیاست دفن کردی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’شہباز شریف کو انہوں نے مفلوج کردیا ہے، لندن سے آئے فائر کے آگے شہباز شریف کھڑے نہیں ہوسکتے‘۔

گلگت بلتستان میں انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کے الزامات پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں جو بھی ہارے گا وہ کہے گا کہ دھاندلی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بلاول بھٹو نے ہر حلقے میں جلسہ کیا ہے تاہم ووٹ عوام کو دینا ہے‘۔

گندم کی خریداری کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’گندم کی دنیا میں قیمت اس وقت سے اعلیٰ سطح پر ہے، کسان کو حق ہونا چاہیے کہ جس سے زیادہ پیسے ملیں اسے بیچیں‘۔

ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان اس حوالے سے بہت محنت کر رہے ہے، 30 دسمبر سے پہلے پہلے وہ مہنگائی کو کنٹرول کرلیں گے‘۔

جہانگیر ترین کی واپسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جہانگیر ترین نے ثابت کردیا کہ وہ ڈرا نہیں، وہ بچوں سمیت یہاں آچکے ہیں اب نواز شریف کو بھی سوچنا چاہیے جو بیماری کے ایسے عالم میں گئے تھے کہ آج تک ہسپتال ہی نہیں گئے‘۔

ایم ایل ون منصوبے کے آغاز کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ایم ایل ون کی تمام کاغذی کارروائی مکمل ہوچکی ہے اور چاہتے ہیں کہ 30 دسمبر سے قبل اس کا افتتاح ہوجائے‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024