’جلن‘ میں بہنوئی سے محبت کا کردار نبھانے پر عورتیں لڑ پڑتی ہیں، منال خان
بہنوئی اور سالی کے درمیان عشق کی کہانی کے گرد گھومنے والی ڈرامے ‘جلن’ میں نشا نامی لڑکی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ منال خان کے مطابق ان کے ڈرامے کی کہانی دراصل بہنوئی اور سالی کے عشق کی نہیں بلکہ ایک لڑکی کی کہانی ہے، جس کی مختلف ضروریات ہوتی ہیں۔
‘جلن’ میں بہنوئی اور سالی کے عشق کو دکھائے جانے پر پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے بھی اس پرپابندی عائد کردی تھی، تاہم بعد ازاں اس سے پابندی ہٹالی گئی تھی۔
‘جلن’ کو نجی ٹی وی اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جا رہا ہے اور اس میں بہنوئی اور سالی کے عشق کے علاوہ بھی دیگر سماجی مسائل کو دکھایا گیا ہے۔
مذکورہ ڈرامے میں اریبہ حبیب اور منال خان نے بہنوں کا کردار ادا کیا ہے جب کہ اس میں عماد عرفانی نے اریبہ حبیب کے شوہر اور منال خان کے بہنوئی کا کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈراما ‘جلن’ میں بہنوئی و سالی کی محبت دکھانے پر لوگ برہم
ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ اریبہ حبیب اور عماد عرفانی کی شادی ہوجاتی ہے، تاہم کچھ ہی عرصے بعد عماد عرفانی کی سالی منال خان ان میں دلچسپی لینے لگتی ہیں اور اسی معاملے پر ہی ڈرامے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
تاہم منال خان ڈرامے میں اپنے کردار پر کی جانے والی تنقید کو بے جا قرار دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ ‘جلن’ کی کہانی بہنوئی اور سالی کے عشق کے گرد نہیں گھومتی بلکہ کہانی کا اصل مرکز ایک لڑکی کی ضروریات ہیں۔
بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں منال خان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پاکستانی ڈراموں میں ان کہانیوں کو ہی دکھایا جاتا ہے، جو معاشرے میں موجود ہوتی ہیں۔
منال خان نے ‘جلن’ ڈرامے میں نشا نامی لڑکی کے کردار کو اس وقت پاکستانی ٹیلی وژن کے تمام خواتین کرداروں سے مضبوط اور بہتر کردار بھی قرار دیا۔
منال خان کے مطابق ‘جلن’ پر تنقید کرنے والے زیادہ افراد نے ڈرامے کو مکمل دیکھے بغیر ہی ان کے کردار پر تنقید کی لیکن اب لوگوں کو احساس ہونے لگا کہ دراصل ڈرامے کی کہانی سالی اور بہنوئی کے عشق کے گرد نہیں گھومتی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ‘جلن’ میں منفی کردار کرنے کی وجہ سے آنٹیاں انہیں دیکھتے ہی ان سے جھگڑا کرنے لگتی ہیں۔
منال خان کے مطابق عورتیں انہیں جہاں بھی باہر دیکھتی ہیں تو ان سے لڑ پڑتی ہیں اور وہ سمجھتی ہیں کہ شاید منال خان حقیقی زندگی میں بھی ایسی ہی ہیں۔
مزید پڑھیں: پیمرا نے ڈراما سیریل ‘جلن’ پر پابندی لگادی
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ایسی خواتین کو سمجھاتی ہیں کہ وہ حقیقی زندگی میں ایسی نہیں، لیکن پھر بھی خواتین انہیں کہتی ہیں کہ انہیں ایسے کردار نہیں کرنے چاہئیں۔
منال خان نے اپنے ایک اور ڈرامے ‘نند’ کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ اس ڈرامے میں انہوں نے ‘جلن’ کے برعکس کردار ادا کیا ہے۔
اداکارہ کے مطابق ان کے دونوں ڈراموں کو دیکھ کر شائقین کو احساس ہوچکا ہے کہ منال خان بیک وقت مختلف کردار ادا کرسکتی ہیں۔