• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ماضی میں بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں نے بھی ذاتی مفادات کو ترجیح دی، وزیر اعظم

شائع November 13, 2020
وزیر اعظم نے کہا کہ کئی لوگ بلوچستان کی محرومیوں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم نے کہا کہ کئی لوگ بلوچستان کی محرومیوں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں نے بھی ذاتی مفادات کو ترجیح دی اور ایسے وزیر اعظم بھی آئے جو بلوچستان کے بجائے لندن زیادہ گئے اور ایسے صدر آئے جو دبئی زیادہ گئے بلوچستان کم آئے۔

تربت میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی نہ ہونے کی وجہ ماضی کے حکمران ہیں، ماضی میں بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں نے بھی ذاتی مفادات کو ترجیح دی اور بدقسمتی سے ملک میں ایسے سیاسی رہنما آئے جنہوں نے وطن سے زیادہ ذاتی مفاد پر توجہ دی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وزیر اعظم بھی آئے جو بلوچستان کے بجائے لندن زیادہ گئے اور ایسے صدر آئے جو دبئی زیادہ گئے بلوچستان کم آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمزور طبقے کو اوپر نہ لایا جائے تو قوم ترقی نہیں کرتی، کئی لوگ بلوچستان کی محرومیوں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، ہم سب سے زیادہ زور بلوچستان کو اوپر اٹھانے پر لگائیں گے، سیاسی مفاد سے بالاتر ہوکر بلوچستان پر خصوصی توجہ اس لیے دی جارہی ہے کہ یہ ترقی میں پیچھے ہے، کوئی قوم آگے نہیں جاسکتی اور ترقی نہیں کر سکتی جب تک کوئی چھوٹا سا طبقہ پیچھے رہ جائے۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نے تباہی مچا رکھی ہے، ہمیں احتیاط کرنی ہوگی کیونکہ ملک میں بھی کورونا کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے، ہم مشکل حالات سے نکل ہی رہے تھےکہ کورونا وبا آگئی لیکن برصغیر میں کوئی بھی ملک کورونا سے اس طرح نہیں نکلا جس طرح سے پاکستان نکلا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ اقتصادی راہداری ہمارے لیے ترقی کا زینہ بنے گی، ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم چین سے جُڑے ہوئے ہیں، چین دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے، چین نے 30 سال میں کروڑوں افراد کو غربت سے نکالا اور یہ جلد ساری دنیا کو پیچھے چھوڑ جائے گا۔

’بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا‘

وزیر اعظم عمران خان تربت میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم عمران خان تربت میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

قبل ازیں بلوچستان کے ایک روزہ دورے کے دوران تربت میں وزیر اعظم نے ترقیاتی اور سماجی بہبود کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا، اس میں اتنی صلاحیت ہے کہ فرشتوں کو کہا گیا کہ انسان کے سامنے جھکو۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اللہ کی دیگر مخلوقات سے مختلف کرنے والی چیز علم ہے۔

مزید پڑھیں: سی پیک بلوچستان کیلئے امن و خوشحالی لائے گا، وفاقی وزیر

انہوں نے کہا کہ ’علم کی تلاش ایک مسلسل جدوجہد ہے، مدینہ کی ریاست دنیا کی تاریخ میں پہلی فلاحی ریاست تھی، جنگ بدر کے بعد جب قریش کے قیدی مسلمانوں کے ہاتھ میں آئے تو مسلمانوں نے انہیں 10 لوگوں کو تعلیم دینے کے بدلے میں رہائی دینے کی پیشکش کی تھی‘۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’وہ چاہتے تو ان سے پیسوں کا بھی مطالبہ کرسکتے تھے، مسلمانوں نے پیسے پر تعلیم کو فوقیت دی تھی اور اسی وجہ سے کئی سو سال تک دنیا کے اعلیٰ سیاستدان مسلمان تھے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آج ہم پیچھے رہ گئے ہیں، پاکستان میں اب وہی علاقے پیچھے ہیں جہاں تعلیم کم ہے اور ہم ان علاقوں کو ترجیح دے رہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت، بلوچستان کی ہر طرح مدد کرے گی اور خاص طور پر تعلیم پر توجی دی جائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب آرہا ہے، اس سے کہیں بھی بیٹھے بیٹھے لوگوں کو تعلیم دی جاسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ورچوئل ایجوکیشن کا استعمال بڑھ رہا ہے، ہم لوگوں کو دور دراز علاقوں میں بھی تعلیم دے سکتے ہیں تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ انٹیلیکچوئل بیس تیار ہو اور اس کے لیے بلوچستان کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے 'آزاد بلوچستان' کا بیانیہ قابل مذمت ہے، شبلی فراز

انہوں نے کہا کہ ’پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے اور یہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، اسکالر شپس کو 135 سے بڑھا کر 360 کردیا گیا ہے اور اس پر میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو داد دیتا ہوں‘۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’سب کو احساس ہونا چاہیے کہ بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا اور پاکستان ترقی کرے گا تو بلوچستان کرے گا، ہم سب اکٹھے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’انسان جو خواب دیکھ سکتا ہے اسے پورا بھی کرسکتا ہے، اللہ نے اتنی انسان کو قوت دی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’انسان جدو جہد کرکے اوپر جاتا ہے، اور جو اوپر جاتا ہے اس میں سب سے بڑی صفت یہ ہوتی ہے کہ وہ ہار نہیں مانتا‘۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’دنیا میں کوئی شارٹ کٹ نہیں، ہر مشکل وقت سے نکلنے کے بعد انسان اور مضبوط ہوجاتا ہے‘۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان بلوچستان کے ایک روزہ دورے پر تربت پہنچے تھے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزرا شبلی فراز، مراد سید، غلام سرور خان، اسد عمر، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم بلوچستان کے جنوبی اضلاع کے عمائدین سے ملاقات بھی کریں گے اور جنوبی بلوچستان پیکیج کا اعلان کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024