• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کشمور واقعہ: پولیس اہلکار کی بیٹی کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

شائع November 13, 2020
ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب—تصویر: ڈان نیوز
ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب—تصویر: ڈان نیوز

حکومت سندھ نے کشمور ریپ واقعے میں ملزمان کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکار اور اس میں مدد کرنے والی ان کی بیٹی کے تمام تعلیمی اخراجات اٹھانے اور اس کے لیے 10 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کردیا۔

ساتھ ہی صوبائی حکومت نے پولیس اہلکار کو اعلیٰ ایوارڈ سے نوازنے جبکہ وفاقی حکومت سے پولیس اہلکار کے لیے قائد اعظم ایوارڈ اور ان کی بیٹی کے لیے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کی سفارش کرنے کا بھی اعلان کیا۔

کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ محمد بخش برورو کی بچی کی سمجھداری اور بہادری کے بغیر اس وحشیانہ کارروائی کا پردہ چاک نہیں کیا جاسکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمور میں ماں اور بیٹی کا ’ریپ‘، عوام میں شدید غم و غصہ

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون جب پولیس اہلکار محمد بخش برورو کے پاس پہنچی تو انہوں نے انسانی ہمدردی کے تحت خاتون کو اپنے گھر منتقل کیا۔

انہوں نے کہا کہ بہادر پولیس افسر اور ان کی بہادر بیٹی نے سمجھداری کے ساتھ اس گروہ کو پکڑنے کے لیے منصوبہ بنایا اور پولیس افسر کی بیٹی نے گروہ سے بات کی اور ان کو ٹھکانے سے باہر نکلوا کر پارک بلوایا۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق جیسے ہی وہ گروہ پارک پہنچا کشمور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رفیق ملک نامی مجرم کو حراست میں لے لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد بخش برورو اور ان کی بیٹی بہادری کا مظاہرہ نہ کرتے تو اس جانور کو پکڑنا ممکن نہ ہوتا۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت، محمد بخش برورو کو پولیس کا اعلیٰ ترین اعزاز قائد اعظم میڈل دلوانے کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھے گی اور سندھ حکومت صوبائی قوانین کے تحت جو ایوارڈ دے سکتی ہے وہ دے گی۔

ترجمان حکومت سندھ نے اعلان کیا کہ محمد بخش برورو کی بیٹی نے بطور شہری جس جرات کا مظاہرہ کیا اس پر ہم ان کے مشکور ہیں جس کے اعتراف میں اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ کے لیے رجوع کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سندھ: 10 سالہ طالبہ کا ’ریپ‘، ملزم کے خلاف مقدمہ درج

علاوہ ازیں محمد بخش برورو صاحب کی بیٹی کے تعلیمی اخراجات حکومت سندھ اٹھائے گی اور ساتھ ہی ان کی بیٹی کے لیے 10 لاکھ روپے نقد کا اعلان کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ نوکری کا جھانسہ دے کر کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون اور ان کی کم سن بیٹی کو کشمور بلانے کے بعد ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔

ملزمان نے خاتون کی 5 سالہ بیٹی کو یرغمال بنا لیا تھا اور اسے چھوڑنے کے لیے دوسری خاتون کا بندو بست کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

چنانچہ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے اے ایس آئی کی بیٹی کے ذریعے جال بچھایا اور اسے گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024