• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایم کیو ایم نے کیماڑی کو ضلع کا درجہ دینے کا اقدام عدالت میں چیلنج کردیا

شائع November 13, 2020
ایم کیو ایم کے رہنما کے مطابق فیصلے سے شہر کو لسانی بنیاد پر تقسیم کرنے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی — فائل فوٹو:وکی میڈیا کامنز
ایم کیو ایم کے رہنما کے مطابق فیصلے سے شہر کو لسانی بنیاد پر تقسیم کرنے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی — فائل فوٹو:وکی میڈیا کامنز

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں نے کراچی میں 7واں ضلع بنانے پر حکومت سندھ پر شدید تنقید کی اور ضلع کیماڑی کے قیام کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ یہ انتظامی فیصلہ نہیں تھا بلکہ شہر کو لسانی بنیاد پر تقسیم کرنے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوشش تھی۔

ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن اور سلمان مجاہد نے سندھ ہائی کورٹ میں پہلے سے موجود درخواست میں کیماڑی سے پارٹی کے کارکن کو درخواست میں مداخلت کار بنانے کے لیے درخواست جمع کرانے کے بعد سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں 'کیماڑی' کو نیا ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری

ان کا ماننا ہے کہ یہ ایک سیاسی تحریک سے منسلک فیصلہ تھا جو اسٹیک ہولڈرز اور اہل علاقہ سے مشورہ کیے بغیر کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سندھ میں حکمران جماعت نے مردم شماری 2017 کے حتمی نتیجے کے طور پر سیاسی اہداف کے حصول کے لیے لیا ہے جبکہ مردم شماری کے نتیجے کا اب تک اعلان بھی کیا گیا ہےاور صوبے میں بلدیاتی دائرہ اختیارات کی حد بندی بھی نہیں کی گئی ہے۔

ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے ابھی تک نئے ضلع کے نوٹیفکیشن کے علاوہ اس اقدام کا جواز پیش کرنے کے لیے عدالت میں کچھ بھی نہیں پیش کیا ہے۔

درخواست میں یہ دعوٰی کیا گیا کہ زیر غور درخواست کی سماعت کے باوجود صوبائی حکام نے کیماڑی کے ضلعی میونسپل کارپوریشن کو بھی نوٹیفائی کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کابینہ نے کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی

انہوں نے استدلال کیا کہ متعلقہ قوانین کے تحت نیا ضلع بنانے سے پہلے عوامی سماعت کا انعقاد لازمی تھا اور یہ دعوی کیا گیا کہ یہ اقدام غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔

درخواست میں ایم کیو ایم رہنماؤں نے نئے ضلع کے نوٹیفکیشن کو ختم کرنے کی استدعا کی۔

ابتدائی طور پر کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے عامر لیاقت حسین نے کراچی میں نئےضلع کے قیام کے سندھ حکومت کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کو درخواست دی تھی اور کہا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور مناسب طریقہ کار پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے 4 ستمبر کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے نیا ضلع کیماڑی تشکیل دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024