• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

لیجنڈ گلوکار عالمگیر کے گردے کا کامیاب ٹرانسپلانٹ

شائع November 13, 2020
عالمگیر میں 2004 میں گردوں کے مرض کی تشخیص ہوئی تھی—فوٹو: فیس بک
عالمگیر میں 2004 میں گردوں کے مرض کی تشخیص ہوئی تھی—فوٹو: فیس بک

نصف صدی قبل پاکستان میں پاپ موسیقی میں دھوم مچانے والے لیجنڈ گلوکار 65 سالہ عالمگیر کا کئی سال بعد بالآخر گردے کا ٹرانسپلانٹ ہوگیا۔

’دیکھا نہ تھا کبھی ایسا سماں، کو کو کورینا، تم ہی سے ہی اے نوجوانو‘ اور ’میں نے تمہاری گاگھر سے پانی پیا تھا‘ سمیت درجنوں مقبول گیت گانے والے عالمگیر گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے۔

عالمگیر میں 2004 میں گردوں کی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کے گردے تقریبا ناکارہ بن چکے تھے اور وہ کئی سال سے ڈائلاسز کے سہارے چل رہے تھے۔

ڈاکٹرز نے انہیں ایک دہائی قبل ہی گردوں کے ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دیا تھا مگر انہیں ان کے گروپ کے گردے نہیں مل رہے تھے۔

گروپ کے گردے نہ ملنے سمیت عالمگیر کو مالی مشکلات کا سامنا بھی تھا اور مداحوں کی جانب سے ان کے لیے سوشل میڈیا پر آواز اٹھائے جانے کے بعد وقتاً بوقتاً حکومت پاکستان نے ان کی مالی مدد بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: عالمگیر گردے نکلوانے امریکا جائیں گے

خرابی صحت کے باعث رواں برس کے آغاز میں عالمگیر کے انتقال کی افواہیں بھی پھیلی تھیں تاہم اب انہوں نے خود تصدیق کی ہے کہ ان کا کامیاب ٹرانسپلانٹ ہوگیا۔

عالمگیر نے اپنی فیس بک پوسٹ میں گردے کے ٹرانسپلانٹ کے بعد اہل خانہ کے ساتھ کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر پوسٹ میں بتایا کہ ان کے گردے کا ٹرانسپلانٹ کامیابی سے ہوگیا۔

گلوکار نے ایک روز قبل بھی اپنی فیس بک پوسٹ میں مداحوں کو بتایا تھا کہ کئی سال بعد بلآخر انہیں ان کے گروپ کا گردہ مل گیا اور اب ان کا ٹرانسپلانٹ ہوگا۔

عالمگیر بیماری کے باعث ڈیڑھ دہائی قبل ہی امریکی ریاست جارجیا کے شہر ایٹلانٹا میں موجود اپنے اہل خانہ کے پاس چلے گئے تھے اور ان کے ڈائلاسز سمیت دیگر علاج وہیں پر ہو رہا تھا۔

گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران وہ مختصر مدت کے لیے پاکستان بھی آئے اور انہیں مختلف تقریبات میں گلوکاری کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

عالمگیر خرابی صحت کے باوجود فیس بک پر مداحوں سے رابطے میں رہتے ہیں اور مداحوں کی جانب سے صحت کے لیے دعائیں اور مدد کے لیے ان کا شکریہ بھی ادا کرتے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی میں معروف گلوکار عالمگیر کی شاندار لائیو پرفارمنس

خیال رہے کہ عالمگیر کی پیدائش سابق مشرقی پاکستان اور حالیہ بنگلادیش میں ایک سیاسی گھرانے میں ہوئی تھی اور وہ محض 15 برس کی عمر میں مغربی پاکستان منتقل ہوئے تھے۔

عالمگیر نے پاکستان کے صوبہ سندھ میں رہائش اختیار کی اور دارالحکومت کراچی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سمیت یہیں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

عالمگیر کو 1970 سے 1980 کے معروف پاپ گلوکاروں میں شمار کیا جاتا ہے اور ان کی آواز کا جادو 1990 تک نوجوانوں کو محظوظ کرتا رہا۔

عالمگیر کے بعد پاپ موسیقی میں قدم رکھنے والے کئی گلوکاروں نے ان کے انداز و اسٹائل کو بھی کاپی کرکے شہرت حاصل کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024