بی ایم ڈبلیو کا منفرد الیکٹرک اسکوٹر متعارف
بی ایم ڈبلیو کو اکثر افراد گاڑیوں کے حوالے سے جانتے ہیں جبکہ یہ کمپنی موٹرسائیکلیں بھی تیار کرتی ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس کمپنی نے اپنا اسکوٹر بھی تیار کرلیا ہے؟
جی ہاں 11 نومبر کو اس کمپنی نے اپنا الیکٹرک کانسیپٹ اسکوٹر ڈیفینیشن سی ای 04 متعارف کرایا، جو فی الحال صارفین کی رسائی سے دور ہوگا۔
یہ اسکوٹر دلچسپ ٹیکنالوجیز سے بھرپور ہے جیسے اس میں اسکیٹ بورڈ جیسے چیسز کو استعمال کیا گیا جبکہ بیٹری پیک چلانے والے کے پیروں کے نیچے ہوگا۔
موٹر کو وہیل کے قریب نصب کیا گیا ہے اور چونکہ بجلی سے چلتا ہے تو اس میں فیول ٹینک نہیں ہوگا، جس کی وجہ سے کمپنی کو اسے پتلا رکھنے میں مدد ملی۔
اس اسکوٹر میں ایک 10.25 انچ کی اسکرین موجود ہے جو چلانے والے کے اسمارٹ فون سے منسلک ہوتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے ایک خاص لباس بھی تیار کیا گیا ہے جو اسکوٹر لانے والے کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
کمپنی اس لباس میں روشنیوں کے اضافے کا ارادہ بھی رکھتی ہے تاکہ اسے دور سے دیکھا جاسکے جبکہ جیکٹ کی جیب میں وائرلیس فون چارجر کا اضافہ کیا جاسکے۔
اسٹوریج کمپارٹمنٹ سیٹ اور بیٹری پیک کے درمیان ہے جہاں ہیلمٹ اور دیگر سامان کو رکھا جاسکتا ہے۔
تاہم کمپنی کی جانب سے اس کی تیکنیکی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، جیسے اسکوٹر ایک بار چارج ہونے پر دور تک سفر کرسکے گا۔
تاہم کمپنی کا کہنا تھا کہ جن افراد نے اس اسکوٹر کو چلایا انہوں نے مختصر فاصلے ساڑھے 7 میل روزانہ سفر کیا۔
مگر کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ یہ اسکوٹر پروڈکشن تک پہنچے گا مگر کب تک، یہ بھی واضھ نہیں اور نہ ہی قیمت کے بارے میں کچھ بتایا گیا ہے۔
مگر یہ حیران کن نہیں ہوگا کہ اس کی قیمت 10 ہزار ڈالرز کے ارگرد ہو۔