• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بلاول کے تقریر نویس کو بتانا چاہتا ہوں ان کے ساتھ ظلم نہ کرو، مراد سعید

شائع November 11, 2020
مراد سعید نے اسکردو میں انتخابی جلسے سے خطاب کیا—فوٹو: ڈان نیوز
مراد سعید نے اسکردو میں انتخابی جلسے سے خطاب کیا—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا خزانہ لوٹنے والے سب سے زیادہ سندھ میں رہتے ہیں اور بلاول کے تقریر نویس سے کہنا چاہتا ہوں کہ ان پر ظلم نہ کرو۔

اسکردو میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ میں نئے منصوبوں کا اعلان اس لیے نہیں کروں گا کہ فرزند زرداری پہلے سے ہی دھاندلی کا شور مچارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری روزانہ پرچہ لہراتا ہے اور وہ خود بھی پرچی پر آئے ہیں، ان کے تقریر نویس کو بتانا چاہتا ہوں کہ ان کے ساتھ ظلم نہ کرو بڑی مشکل سے رٹا مارتا ہے اور جب رٹا مار کر تقریر کرتا ہے تو دنیا ان پر ہنستی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا اشیائے خورونوش کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کا حکم

بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرچی لہرا کر کہتا ہے کہ اس میں لکھا ہوا گلگت بلتستان صوبہ بن جائے گا لیکن 50 سال سے اس میں روٹی، کپڑا اور مکان بھی لکھا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے آپ کے سب سے بڑے مطالبے کا اعلان کردیا ہے کہ آئینی حقوق اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا ہے، مبارک ہو، گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان ہوچکا ہے۔

انتخابی جلسے سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری پر بھی تقریریں کرتے ہیں، سی پیک کا آغاز گلگت بلتستان سے ہوا لیکن معاشی اور صنعتی زون نہیں ملا تھا مگر عمران خان نے دے دیا اور اس کے لیے زمین کا تعین بھی ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتیں لگیں گی، جس سے کاروبار چلے گا اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی بڑی ضرورت ہے اور پی ایس ڈی پی میں تین منصوبے ہیں، بابو سر ٹاپ 8 مہینوں تک برف کی وجہ سے بند رہتا ہے، اس کی فزبیلیٹی پر کام شروع ہوگیا اور اگلے سال سے بابوسر ٹاپ 12 مہینے کھلا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے ثمرات گلگت کو اس وقت ملیں گے جب شاہراہیں بنیں گی اور قراقرم ہائی وے پر توجہ دیں گے، سیاح تب آئیں گے جب آپ بہترین شاہراہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قراقرم ہائی وے کے منصوبے کو ہماری وزارت نے پی ایس ڈی پی میں شامل کرلیا ہے اور اس کو بھی ہم تعمیر کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا شنگھائی تعاون تنظیم سے خطاب، عالمی وبا کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کا مطالبہ

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے گلگت بلتستان سے شندور، شندور سے چترال اور سوات موٹر وے اور مغربی روٹ بھی پی ایس ڈی پی میں شامل کر لیا ہے اور اس سے آپ سب سے کم وقت میں گوادر پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں مفت علاج کے منصوبے کا آغاز کیا تھا اور گلگت بلتستان کے لیے عمران خان صحت انصاف کارڈ کی منظوری دے دی ہے، جس کا مطلب ہے کہ گلگت بلتستان کے ہر شہری کو ایک کارڈ ملے گا جس میں ساڑھے 7 لاکھ سے 10 لاکھ تک ہیلتھ انشورنس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ صرف سرکاری نہیں ملک کے بڑے پرائیویٹ ہسپتال میں بھی ہر شہری کا مفت علاج ہوگا۔

مراد سعید نے کہا کہ کتے کے کاٹنے کے واقعات سب سے زیادہ سندھ میں ہوتے ہیں، سب سے زیادہ غربت کہاں ہیں، بھوک سے سب سے زیادہ اموات کہاں ہوتی ہیں، سب سے زیادہ لوٹ مار کہاں ہوتی ہے، ملک کا خزانہ لوٹنے والے سب سے زیادہ کہاں موجود ہیں، جس کا کارکنوں نے جواب دیا، 'سندھ میں ہیں'۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ گلگت بلتستان پر ڈاکا ڈالنا چاہتے ہیں لیکن ہم ان سے جو پہلے لوٹا ہے اس کو بھی واپس لیں گے۔

مزید پڑھیں: سندھ حکومت بھی بغاوت کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کرے، شبلی فراز

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے زیادہ مواقع ہیں اور سب سے زیادہ منصوبے یہاں لگیں گے اور سیاحت کو بھی فروغ دیں گے۔

مراد سعید نے کہا کہ عمران خان نے دو سال میں گلگت بلتستان کی حکومت کو 46 ارب روپے دیے حالانکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی۔

انہوں نے کہا کہ 15 نومبر کو پی ٹی آئی اور اس کے اتحادی کامیاب ہوں گے اور ان سے اس پیسے کا حساب لیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024