• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز 21 ہزار سے زائد

شائع November 11, 2020 اپ ڈیٹ November 12, 2020
پاکستان میں ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 3 ماہ کے بعد ملک میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے بڑھ گئی ہے جبکہ حکام کی جانب سے نئی پابندیوں پر غور کیا جارہا ہے۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 48 ہزار 904 ہے جس میں سے 3 لاکھ 20 ہزار 65 صحتیاب ہوئے ہیں جو 91 فیصد سے زائد ہے جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 35 تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 1910 کیسز اور 32 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ 634 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 21 ہزار 804 تک پہنچ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے جون تک وبا کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھی گئی۔

تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی اور یہ سلسلہ ستمبر کے اوائل تک جاری رہا۔

جس کے بعد ستمبر کے وسط سے ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور اکتوبر میں اس میں مزید تیزی آگئی، جس کا رجحان نومبر میں بھی نظر آرہا ہے اور ملک میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔

آج 11 نومبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ میں کورونا کے 720 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 52 ہزار 72 ہوگئی۔

یہ 25 جولائی کے بعد ایک روز میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

صوبے میں وائرس سے مزید 14 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد سندھ میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 704 ہوگئی ہے۔

سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 11 ہزار 146 ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت نتائج آنے کی شرح 6.46 فیصد رہی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 502 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 831 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے گزشتہ روز 9 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 429 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 226 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 41 ہزار 69 ہوگئی۔

اس کے علاوہ مزید 4 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 1294 ہوگئی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 43 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 16 ہزار 195 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 154 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 322 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 22 ہزار 432 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 247 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 81 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 4 ہزار 911 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 114 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 394 ہوگئی۔

وادی میں اموات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور جاں بحق مریضوں کی تعداد 93 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 634 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 65 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 348904

اموات: 7035

صحتیاب: 320065

فعال کیسز:21804

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 52 ہزار 72 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 831 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 41 ہزار 69 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 195 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 22 ہزار 432 ، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 394 اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 911 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2704

پنجاب: 2429

خیبرپختونخوا: 1294

بلوچستان: 154

اسلام آباد: 247

آزاد کشمیر: 114

گلگت بلتستان: 93

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024