• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی آئی اے کا عمرہ زائرین کے لیے نئے کرایوں اور قوانین کا اعلان

شائع November 11, 2020
نئی عمرہ پالیسی 2020 رواں سال 31 دسمبر تک قابل عمل ہوگی — 
 فائل فوٹو: وکی میڈیا کامنز
نئی عمرہ پالیسی 2020 رواں سال 31 دسمبر تک قابل عمل ہوگی — فائل فوٹو: وکی میڈیا کامنز

راولپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے اپنی عمرہ پالیسی 2020 کے تحت نئے قوانین اور کرایوں کا اعلان کردیا ہے جو رواں سال 31 دسمبر تک قابل عمل رہیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی سے اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے عمرہ زائرین کے لیے کرایہ 91 ہزار روپے ہوگا جبکہ دوسرے شہروں سے سفر کرنے والے عمرہ زائرین کا کرایہ 96 ہزار ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے جدہ یا مدینہ سفر کرنے والے ہر مسافر کے لیے سامان کی زیادہ سے زیادہ حد صرف 36 کلو گرام رکھی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمرے کیلئے مسجد الحرام کے دروازے کھول دیے گئے

پی آئی اے کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سسٹم کے تحت فلائٹس جاری رہیں گی لیکن مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق گروپ کی درخواستوں کا بھی خیال رکھا جائے گا، مزید یہ کہ ایئرلائنز کی جانب سے عمرہ زائرین کے گروپس کے لیے بکنگ شروع کردی گئی ہے اور کم سے کم 10 مسافروں پر مشتمل گروپ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ایئر ٹکٹس کی میعاد روانگی کی تاریخ سے ایک ماہ بعد تک ہوگی۔

مزید یہ کہ ایگزیکٹو اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے ایک مسافر کو 40 کلوگرام سامان لے جانے کی اجازت ہوگی جبکہ عمرہ زائرین کو اپنے ساتھ 5 لیٹر زم زم کا پانی لانے کی اجازت ہوگی جو سامان سے الگ ہوگا۔

اس کے علاوہ نوزائیدہ بچوں کے ساتھ ہونے پر زائرین کو 10 کلو گرام مزید بیگیج الاؤنس (سامان) ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کی مسافروں کے بغیر 46 پروازیں، قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان

ترجمان کا کہنا تھا کہ قواعد کے تحت اگر مسافروں کی جانب سے روانگی سے 7 دن قبل درخواست دی گئی تو پی آئی اے پہلی مرتبہ کے لیے بغیر کسی اضافی چارجز کے مسافروں کو بکنک میں تبدیلی (سی او بی) کی سہولت فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے عمرہ کی ادائیگی کے لیے تمام بین الاقوامی ایئرلائنز کو درست ویزا کے ساتھ زائرین کو لانے کی اجازت دی ہے۔

علاوہ ازیں ایوی ایشن حکام کی جانب سے ایئرلائنز کو کووڈ 19 کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔


یہ خبر 11 نومبر 2020 کو ڈان اخابر میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024