• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

فراڈ کا الزام ثابت ہوگیا تو سرعام پھانسی لگالوں گی، اداکارہ میرا

شائع November 10, 2020 اپ ڈیٹ November 11, 2020
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اداکارہ نے لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھر کو شیلٹر ہوم میں تبدیل کرنے کے نام پر لاکھوں کا فراڈ کیا— فوٹو: اسکرین شاٹ
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اداکارہ نے لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھر کو شیلٹر ہوم میں تبدیل کرنے کے نام پر لاکھوں کا فراڈ کیا— فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان کی معروف اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ اگر ان پر کرپشن کا کوئی الزام سچ ثابت ہوگیا تو خود کو سرِعام پھانسی لگالوں گی۔

گزشتہ دنوں کچھ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اداکارہ میرا نے لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھر کو شیلٹر ہوم میں تبدیل کرنے کے نام پر لاکھوں کا فراڈ کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ کوریوگرافر لاڈا نے اس حوالے سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جو شیلٹر ہوم اداکارہ میرا نے اپنے گھر میں بنایا ہوا تھا، کہ میرے گھر کے دروازے آرٹسٹس کے لیے 24 گھنٹے کھلے ہیں لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے، یہ جعلسازی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اداکارہ میرا نے میرے ساتھ، میرے بچوں کے ساتھ فراڈ کیا ہے، اداکارہ میرا بچوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلا ہے اور میرے بچوں کو آگے لاکر امداد کے نام پر فنڈ اکٹھا کیا ہے۔

—فائل فوٹو:انسٹاگرام
—فائل فوٹو:انسٹاگرام

جس کے بعد آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے اپنے بیان میں ان الزامات کو مسترد کیا۔

مزید پڑھیں: میرا کے خلاف دھوکے سے گھر نام کروانے کی درخواست، 30 ستمبر کو فریقین طلب

انہوں نے اپنا بیان پڑھتے ہوئے کہا کہ 'میں پاکستانی فلم انڈسٹری میں کئی سالوں سے ہیروئن ہوں، ہیروئنز کو فلموں میں بھی الزامات کے پتھروں سے سنگسار کیا جاتا ہے اور ان پر جھوٹی تہمتیں لگا کر انہیں بدنام اور رسوا کرنا ولن کا شیوہ دکھایا جاتا ہے'۔

میرا نے کہا کہ 'ہیروئن فلم میں برائی کے ساتھ ساتھ اچھائی کی جنگ لڑنے، اپنی پاک دامنی کے مثبت دلائل دے کر شیطان کی پیروی کرنے والوں کو بتاتی ہے کہ وہ ایک انسان ہے، وہ ہیروئن ہے تو کیا ہوا، ایک عورت ہے کسی کی عزت ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'میں آج عوام کی عدالت میں حاضر ہوں، فلم میں ہیروئن کے کردار ادا کرتے ہوئے زندگی کے مسائل نے مجھے حقیقی زندگی کی بھی ہیروئن بنادیا ہے'۔

میرا نے کا کہنا تھا کہ 'میں مانتی ہوں کہ میں اپنی زندگی کی وہ ہیروئن ہوں جو گزشتہ 12 سالوں سے زمانے کے ولنز کے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: 'ماہرہ خان اور میری عمر میں زیادہ فرق نہیں'

ان کا کہنا تھا کہ میں خود کو مظلوم ظاہر کرکے ہمدردیاں سمیٹنے کی خواہشمند نہیں ہوں بلکہ سچ بتا کر خود پر لگائے گئے الزامات اور بہتانوں کو مٹانا چاہتی ہوں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پہلے بھی ایک شخص نے جھوٹا نکاح نامہ پیش کرکے خوب نام کمایا، پھر کچھ لوگوں نے میرے گھر کے حوالے سے جھوٹ بول کر نام کمایا لیکن کوئی ایک پیسے کی ٹرانزیکشن ثابت نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ 'میری غلطی ہے، مجھے اچھائی کی سزا ملنی چاہیے تھی کیونکہ میں نے چند لوگوں پر انسانیت کے ناطے احسان کیا تھا'۔

میرا نے مزید کہا کہ انہوں نے 6 بچوں اور 2 میاں بیوی کو رہنے کے لیے چھت دی تھی، انہوں نے کہا کہ میرا گھر کوئی شیلٹر ہوم نہیں ہے، میں اس گھر میں رہتی ہوں۔

—فائل فوٹو:عاکف الیاس
—فائل فوٹو:عاکف الیاس

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی سپر اسٹار ہوں اور حقیقی زندگی میں بھی ہیروئن کا کردار جیتی ہوں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اچھی بہن، بہت اچھی دوست، پاک دامن، باکردار اور اچھی انسان ہیں، انہوں نے کہا کہ چند مخیر حضرات سے چند ہزار روپے لیے اور ان لوگوں کے ہاتھ میں دیے۔

میرا کا کہنا تھا کہ مجھے چھوٹے موٹے اسکینڈلز سے فرق نہیں پڑتا، میں بھارت گئی تب بھی میرے کردار پر الزام لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام ہے کہ کسی کو سامنے رکھ کر فنڈریزنگ کی مجھے اس بات کا بہت دکھ ہے، یہ میرے اکاؤنٹس کی تفصیلات ہیں جو میں عوام کی عدالت کے سامنے پیش کرتی ہوں۔

میرا کا کہنا تھا کہ میں اپنے بینک اسٹیٹمنٹس پیش کرتی ہوں کہ جو بھی لوگ اس پریس کانفرنس کو سن رہے ہیں وہ امریکا، کینیڈا، فرانس، لندن، دبئی جہاں پر بھی موجود ہیں میں آپ سب سے اپیل کرتی ہوں کہ سوشل میڈیا پر کسی تذلیل کرنے سے پہلے چیلنج کرتی ہوں کہ کوئی بھی شخص یہ ثابت کردے کہ یکم جنوری 2020 سے لے کر کوئی بھی بینک ٹرانزیکشن ویسٹرن یونین کے ذریعے ہوئی یا میں نے کوئی پیسے لیے، فنڈریزنگ کی تو میں سرِعام اپنے آپ کو پھانسی دے دوں گی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ آپ نے فلموں میں میرے کردار دیکھے ہیں، میں حقیقی زندگی کی بھی ہیروئن ہوں، کوئی ثابت کردے میں خود کو پھانسی لگالوں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں یہ قانون لانا بہت ضروری ہے کہ الزامات لگانے سے قبل انہیں واضح کیا جائے۔

تاہم پریس کانفرنس کے دوران پھانسی سے متعلق صحافیوں کے سوالوں پر اداکارہ میرا نے اپنے مذکورہ بیان پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میرا مطلب ہے کہ جو سزا آپ مقرر کریں گے وہ میں قبول کروں گی۔

مزید پڑھیں: واپس لایا جائے، میں غیر ملک میں مرنا نہیں چاہتی، میرا کی وزیراعظم سے اپیل

اداکارہ میرا نے کہا کہ میں پاکستان کی تمام ایجنسیوں کو کہتی ہوں کہ وہ میرا احتساب کریں اور اس کے بعد سب کا احتساب ہونا چاہیے، پاکستان میں شوبز کے ایک ایک فرد کا احتساب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو عوام کی عدالت میں اور پاکستان کی ایجنسیز میں سرعام احتساب کے لیے پیش کرتی ہوں۔

اداکارہ میرا نے کہا کہ میں چیف جسٹس پاکستان سے درخواست کرتی ہوں کہ عدالتوں میں میرے خلاف مقدمات کو خارج کیا جائے، میں اپنے کیریئر پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہوں۔

گھر کو شیلٹر ہوم میں تبدیل کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے 6 مہینے کے لیے شیلٹر ہوم بنایا تھا وہ عارضی تھا، میں اپنا گھر چھوڑ دوں؟ کیا چاہتے ہیں سڑک پر آجاؤں؟

میرا نے صحافی پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ کیسی باتیں کر رہے ہیں کہ اپنا گھر چھوڑ دیں، یہ مجھے میری اچھائی کا صلہ مل گیا۔

— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024