• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دنیا کا سب سے بڑا آن لائن شاپنگ ایونٹ نئے ریکارڈ بنانے کیلئے تیار

شائع November 10, 2020
— فوٹو بشکریہ علی زیلا ڈاٹ کام
— فوٹو بشکریہ علی زیلا ڈاٹ کام

30 لاکھ ورکرز، 4 ہزار طیارے اور بحری جہاز یہ سب دنیا کے سب سے بڑے آن لائن شاپنگ ایونٹ کو اس سال مزید نئے ریکارڈز بننے میں مدد دیں گے۔

چین کا سنگلز ڈے ہر سال 11 نومبر کو منایا جاتا ہے جو کہ دنیا کا 24 گھنٹے کا سب سے بڑا آن لائن ایونٹ ہے۔

اس ایونٹ میں گزشتہ سال ایک ارب 90 کروڑ مصنوعات فروخت ہوئی تھیں اور اس سال کورونا وائرس کی وبا کے باعث زیادہ بڑے ریکارڈ بننے کا امکان ہے۔

اس سال لاکھوں چینی شہری کورونا کے باعث بیرون ملک سفر کرنے سے قاصر رہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ آن لائن شاپنگ میں ساری کسر پوری کریں گے۔

شنگھائی سے تعلق رکھنے والی مارکیٹ ریسرچ کمپنی ایجنسی چائنا سے تعلقق رکھنے والے مائیکل نورس نے بتایا کہ بین الاقوامی پابندیوں کے باعث ہمیں توقع ہے کہ چین میں آن لائن خریداری میں بامقصد تبدیلی آئے گی، لگژری برانڈز کو اس موقع پر ابھرنے کا موقع ملے گا'۔

خیال رہے کہ سنگلز ڈے چین کے نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہوتا تہوار ہے جس میں اکیلے یا کنوارے پن کی خوشی منائی جاتی ہے۔

یہ 11 نومبر کو منایا جاتا ہے اور علی بابا کی مہربانی سے یہ دنیا میں سب سے بڑے آن لائن شاپنگ فیسٹیول کا اعزاز بھی حاصل کرچکا ہے۔

اس تہوار کا آغاز 1993 میں نانجنگ یونویرسٹی سے ہوا تھا جس کے بعد نوے کی دہائی میں یہ اس صوبے کی متعدد یونیورسٹیوں میں منائے جانے لگا۔

مگر 2009 میں علی بابا نے اس تہوار کو کاروباری موقع سمجھا اور اسے غیر سرکاری تعطیل کی شکل دے کر آن لائن اشیا سستے داموں فروخت کرنا شروع کیا۔

علی بابا نے رواں سال سنگل ڈے کے موقع پر صارفین کو بزنس کی تفصیلات سے باخبر رکھنے کے لیے آن لائن بلاگ پوسٹ کا اہتمام کیا جبکہ شاپنگ فیسٹیول کا آغاز معروف گلوکارہ کیٹی پیری کے کے شنگھائی میں ورچوئل کنسرٹ کے ساتھ کیا۔

فوٹو بشکریہ علی زیلا ڈاٹ کام
فوٹو بشکریہ علی زیلا ڈاٹ کام

گزشتہ سال اس ایونٹ میں 210 ارب چینی یوآن سے زیادہ کی اشیا فروخت ہوئیں۔

درحقیقت سنگلز ڈے پر چین میں آن لائن شاپنگ کے اعدادوشمار نے یورپ و امریکا میں بلیک فرائیڈے اور سائبر منڈے کے اعدادوشمار کو دھندلا کر رکھ دیا ہے۔

واضح رہے کہ سنگلز ڈے کی طرز پر امریکا، یورپ و دنیا کے دیگر خطوں میں نومبر کے مہینے میں ہی بلیک فرائیڈے منایا جاتا ہے۔

گزشتہ سال سنگلز ڈے ڈیلز کا آغاز ہوا تو اولین 68 سیکنڈ میں چینی صارفین نے ایک ارب ڈالرز کی خریداری کی، پہلے گھنٹے میں انہوں نے 14.3 ارب ڈالرز خرچ کیے۔

اس سال ایونٹ میں ساڑھے 3 لاکھ سے زیادہ چینی اور بین الاقوامی برانڈز کی مصنوعات صارفین کو دستیاب ہوں گی جن میں گاڑیاں اور گھر بھی شامل ہیں۔

جی ہاں 8 لاکھ جائیدادیں اور 2 لاکھ سے زیادہ گاڑیاں بھی اس سال صارفین کو دستیاب ہوں گی۔

علی بابا کی لاجسٹک شاخ کین یاؤ کے مطابق اس سال چین بھر میں اشیا کی ترسیل کے لیے 3 ہزار سے زائد چارٹرڈ پروازوں اور کارگو جہازوں کو استعمال کیا جائے گا۔

فوٹو بشکریہ کین یاؤ
فوٹو بشکریہ کین یاؤ

دوسری جانب سے 30 لاکھ افراد دنیا بھر میں اشیا کی ترسیل میں مدد فراہم کریں گے۔

کمپنی کی جانب سے چین سے باہر پارسل کی ترسیل کے لیے 7 سو سے زیادہ چارٹرڈ پروازوں کی مدد لی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024