• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مداحوں کا جونی ڈیپ کو ’فنٹاسٹک بیٹس‘ میں واپس شامل کرنے کا مطالبہ

شائع November 10, 2020
فانٹیسٹک بیٹ کی آنے والی فلم کی رواں ماہ شوٹنگ کا آغاز ہونے والا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
فانٹیسٹک بیٹ کی آنے والی فلم کی رواں ماہ شوٹنگ کا آغاز ہونے والا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

ہولی وڈ اداکار 57 سالہ جونی ڈیپ نے تین دن قبل ہی تصدیق کی تھی کہ انہوں نے آنے والی فنٹیسی فلم ’فنٹاسٹک بیٹس‘ سے علیحدگی اختیار کرلی۔

جونی ڈیپ نے بتایا تھا کہ لندن کی ہائی کورٹ میں برطانوی اخبار ’دی سن‘ کے خلاف دائر کیا گیا 2 لاکھ یورو کا ہتک عزت کا کیس ہارنے کے بعد انہوں نے فلم سے علیحدگی اختیار کی۔

اداکار کے مطابق ’فنٹاسٹک بیٹس‘ کی ٹیم نے ان سے فلم سے الگ ہونے کی درخواست کی تھی، جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے خود کو فلم سے علیحدہ کرلیا۔

تاہم اداکار کی جانب سے فلم سے الگ ہونے کے معاملے پر ان کے مداح ناخوش تھے اور انہوں نے اس عمل کو ناانصافی قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’بیوی پر تشدد‘ کا مقدمہ ہارنے کے بعد جونی ڈیپ ’فنٹاسٹک بیٹس‘ سے باہر

اور اب ان کے مداحوں نے جونی ڈیپ کو ’فنٹاسٹک بیٹس‘ میں واپس شامل کرنے کے لیے مہم کا آغاز کردیا۔

شوبز ویب سائٹ بلاسٹ کے مطابق جونی ڈیپ کے مداحوں نے آن لائن پلیٹ فارم چینج آرگنائیزیشن پر اداکار کے حق میں پٹیشن کا آغاز کردیا۔

جونی ڈیپ نے تین دن قبل تصدیق کی تھی کہ انہوں نے فلم سے علیحدگی اختیار کرلی—فائل فوٹو: اے پی
جونی ڈیپ نے تین دن قبل تصدیق کی تھی کہ انہوں نے فلم سے علیحدگی اختیار کرلی—فائل فوٹو: اے پی

پٹیشن میں مطالبہ کیا گیا کہ جونی ڈیپ کو واپس فنٹیسی فلم ’فنٹاسٹک بیٹس‘ کا حصہ بنایا جائے، انہیں فلم سے الگ کرنا ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔

آن لائن پٹیشن پر 10 نومبر کی سہ پہر تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد نے دستخط کرلیے تھے اور جونی ڈیپ کو فلم میں واپس لانے کے لیے مزید افراد کی حمایت کی ضرورت ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اداکار کے مداح ان کی حمایت کریں گے، جس کے بعد ممکنہ طور پر جونی ڈیپ کو واپس فلم کا حصہ بنایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

خیال رہے کہ جونی ڈیپ کے خلاف لندن کی ہائی کورٹ نے رواں ماہ 2 نومبر کو فیصلہ سنایا تھا۔

مزید پڑھیں: جونی ڈیپ برطانوی اخبار کے خلاف مقدمہ ہار گئے

عدالت نے ہتک عزت کے کیس میں ریمارکس دیے تھے کہ ثبوتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اداکار نے سابق اہلیہ امبر ہرڈ کو 14 مواقع پر تشدد کا نشانہ بنایا۔

جونی ڈیپ نے دی سن کےخلاف ہتک عزت کا دعویٰ 2018 میں اپنے خلاف ایک مضمون شائع کرنے پر کیا تھا۔

برطانوی اخبار نے اپنے مضمون میں جونی ڈیپ کو ’بیوی پر تشدد کرنے والا شوہر‘ لکھا تھا۔

اخبار میں یہ مضمون اس وقت شائع ہوا تھا جب کہ جونی ڈیپ اور ان کی سابق اہلیہ 34 سالہ امبر ہرڈ کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔

دونوں نے 2015 میں شادی کی تھی، تاہم 2016 میں امبر ہرڈ نے جونی ڈیپ پر تشدد کا الزام لگانے کے بعد طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔

شادی کے 15 ماہ بعد امبر ہرڈ نے شوہر پر تشدد کا الزام لگا کر طلاق حاصل کی تھی—فائل فوٹو: ڈیلی ایکسپریس یوکے
شادی کے 15 ماہ بعد امبر ہرڈ نے شوہر پر تشدد کا الزام لگا کر طلاق حاصل کی تھی—فائل فوٹو: ڈیلی ایکسپریس یوکے

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024