• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان کا زمبابوے کو آخری ٹی ٹوئنٹی میں ہرا کر سیریز میں کلین سوئپ

شائع November 10, 2020
فخر زمان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
فخر زمان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے زمبابوے کو آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہیں ہوا۔

زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تو چمو چبابا اور برینڈن ٹیلر نے ٹیم کو گزشتہ میچوں کی نسبت بہتر آغاز فراہم کیا۔

اسکور 26 تک پہنچا تو عماد وسیم نے برینڈن ٹیلر کی قیمتی وکٹ حاصل کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلا دی۔

پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کو اگلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور کریگ ارون صرف 4رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ ایک گیند پر ریان برل بھی ایک رن بنا کر چلتے بنے۔

چمو چبابا آج اچھی فارم میں نظر آئے اور 31 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اس سے قبل وہ مزید خطرناک ثابت ہوتے، عثمان قادر نے ان کی وکٹ لی۔

عثمان قادر نے لگاتار دوسرے میچ میں عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ایک ہی اوور میں ملٹن شمبا اور ویزلے میڈھویرے کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اسکور 87 تک پہنچا تو انہوں نے اپنے کوٹے کی آخری گیند پرایلٹن چیگمبورا کو آؤٹ کر کے چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔

ڈونلڈ ٹریپانو اور مساکاڈزا نے مشکل وقت میں ذمہ داری نبھاتے ہوئے زمبابوے کا اسکور 120 رنز تک پہنچایا اور اس موقع پر محمد حسنین کی مساکاڈزا کو آؤٹ کردیا جنہوں نے 11 رنز بنائے تھے۔

آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈونلڈ ٹریبانو تھے جو 19 ویں اوور میں 122 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تاہم انہوں نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، جس کے بعد فراز اکرم اور مزاربانی نے بالترتیب 2 اور 5 رنز بنا کر مقررہ اوورز میں ٹیم کا اسکور 129 رنز تک پہنچایا۔

زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 129 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے سب سے زیادہ 4 اور عماد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو فخر زمان اور اپنا پہلا بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے 39 رنز کا آغاز فراہم کیا جبکہ فخر زمان 21 رنز بنا کر مساکاڈزا کی وکٹ بن گئے۔

حیدر علی نے ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 27 رنز کی اننگز کھیلی اور 79 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد بیٹنگ کے لیے خوشدل شاہ آئے۔

خوشدل شاہ کے 15 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 36 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے 130 رنز کا ہدف 16 ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرلیا۔

ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے عبداللہ شفیق نے ناقابل شکست 41 رنز بنائے، جس کے لیے انہوں نے 33 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

عثمان قادر کو 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں زمبابوے کے کپتان چمو چبابا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی تھیں، نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق ڈیبیو کررہے ہیں جبکہ عماد وسیم بھی فائنل الیون کا حصہ تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم ابتدائی دونوں ٹی20 میچز جیت کر سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکی تھی۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

بابر اعظم(کپتان)، فخر زمان، عبداللہ شفیق، حیدر علی، محمد رضوان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عثمان قادر، عماد وسیم، محمد حسنین اور حارث رؤف۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024