• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

پاکستان میں کورونا سے اموات 7 ہزار سے زائد ہوگئیں، فعال کیسز 20 ہزار سے متجاوز

شائع November 10, 2020
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 550 افراد صحتیاب ہوگئے— تصویر: رائٹرز
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 550 افراد صحتیاب ہوگئے— تصویر: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا دوبارہ زور پکڑ رہی ہے اور ملک کے بڑے شہروں میں مثبت کیسز کی شرح 15 فیصد تک بڑھ چکی ہے۔

حکومت کی جانب سے وبا کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤنز لگائے جارہے ہیں اور ٹیسٹ، تشخیص اور قرنطینہ (ٹی ٹی کیو) کی حکمت عملی کو اپناتے ہوئے شہریوں کو ماسک پہننے پر زور دیا جارہا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار994 ہے جس میں سے 3 لاکھ 19 ہزار 431 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 7 ہزار 3 ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میں ملک میں مزید 1490 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 23 مریض دم توڑ گئے، تاہم 550 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 20 ہزار 560 ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے، جون میں وبا کا پھیلاؤ عروج پر دیکھا گیا جس کے بعد جولائی سے بہتری کا سلسلہ ستمبر تک جاری رہا تاہم اکتوبر سے بتدریج کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گا اور اب نومبر میں صورتحال ایک مرتبہ پھر پریشان کن ہوتی جارہی ہے۔

آج 10 نومبر کو ملک میں وبا کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے:

سندھ

سندھ میں کورونا کے 518 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 51 ہزار 352 ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری یومیہ صورتحال کی رپورٹ میں وائرس سے مزید 3 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 2690 ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 9 ہزار 273 ٹیسٹ کیے گئے اور جن کے نتائج مثبت آنے کی شرح 5.5 فیصد ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 407 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 329 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے گزشتہ روز 12 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 420 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 249 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 22 ہزار 110 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 244 ہوگئی ہیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 72 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 4 ہزار 830 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 3 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 112 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 12 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 378 ہوگئی۔

وادی میں اموات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور جاں بحق مریضوں کی تعداد 93 پر برقرار ہے۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 186 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 40 ہزار 843 ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ مزید 2 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 1290 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ روز 46 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 16 ہزار 152 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں گزشتہ روز کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اموت کی تعداد 154 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 550 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 19 ہزار 431 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 346994

اموات: 7003

صحتیاب: 319431

فعال کیسز:20560

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 51 ہزار 352 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 329 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 40 ہزار 843 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 152 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 22 ہزار 110، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 378 اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 830 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2690

پنجاب: 2420

خیبرپختونخوا: 1290

بلوچستان: 154

اسلام آباد: 244

آزاد کشمیر: 112

گلگت بلتستان: 93

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024