• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ترکی: طیب اردوان کے داماد و وزیر خزانہ بیرات البائریک مستعفی

شائع November 9, 2020
بیرات البائریک 2018 میں وزیر خزانہ مقرر ہوئے تھے—فائل/فوٹو:رائٹرز
بیرات البائریک 2018 میں وزیر خزانہ مقرر ہوئے تھے—فائل/فوٹو:رائٹرز

ترک صدر رجب طیب اردوان کے داماد و وزیر خزانہ بیرات البائریک نے صحت کی خرابی کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

خبر ایجنسی ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بیرات البائریک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا۔

بیرات البائریک نے کہا کہ وہ اپنے عہدے سے طبی وجوہات کی بنا پر مستعفی ہو رہے ہیں اور زیادہ وقت اہل خانہ سے ساتھ گزاریں گے۔

یاد رہے کہ 42 سالہ بیرات البائریک کو جولائی 2018 میں وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل وہ وزیر توانائی کے طور پر کام کر رہے تھے۔

مزید پڑھیں: سود سے متعلق طیب اردگان کا بیان، ترک کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی

ترک وزیر خزانہ کا استعفیٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب دو روز قبل ہی مرکزی بینک کے سربراہ کو برطرف کرکے ان کی جگہ سابق وزیر خزانہ نیسی ایغبال کو تعینات کیا گیا تھا۔

بیرات البائریک نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت میں وقت گزارنے کے بعد طبی وجوہات کے باعث میں نے کام جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب میں زیادہ وقت اپنے والدین، اہلیہ اور بچوں کے ساتھ گزاروں گا جنہیں میں کئی برسوں سے وقت نہیں دے پایا اور مجھے ہمیشہ ان کا تعاون حاصل رہا۔

ترک میڈیا کے مطابق وزارت خزانہ کے عہدیداروں نے استعفے کی تصدیق کی تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ صدر رجب طیب اردوان نے استعفیٰ منظور کیا یا نہیں۔

اس سے قبل رواں برس اپریل میں وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے بھی ٹوئٹر پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا، تاہم صدر رجب اردوان نے رد کردیا تھا۔

واضح رہے کہ بیرات البائریک، صدر رجب طیب اردوان کی صاحبزادی اسریٰ کے شوہر ہیں اور ان کے 4 بچے ہیں، تاہم بیرات نے ترک معیشت کے حوالے سے انتہائی مشکل دور کا سامنا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ترکی: اپوزیشن کا لاک ڈاؤن کیلئے صدر اردوان پر دباؤ

انہیں 2018 میں ایک ایسے وقت میں وزیر خزانہ بنایا گیا تھا جب ملک میں کرنسی کا بحران پیدا ہوا تھا اور ترک لیرا کی قدر ڈالر کے مقابلے میں انتہائی کم ہوگئی تھی۔

کورونا وبا کے بعد معاشی حالات پر بیرات البائریک کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بیرات البائریک سیاست میں آنے سے قبل کیلک ہولڈنگ نامی کمپنی سے منسلک اور 2007 میں اس کے چیف ایگزیکٹو افسر بن گئے تھے۔

انہوں نے 2015 میں انتخاب میں حصہ لیا اور صدر اردوان کی جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (اے کے پی) کے رکن اسمبلی بن گئے اور انہیں وزیر توانائی مقرر کیا گیا۔

سیاسی مبصرین نے اس سے قبل کہا تھا کہ صدر اردوان اپنے داماد بیرات البائریک کو اپنے جانشین کے طور پر صدر بنانے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب معاشی مبصر تموتھی ایش نے کہا کہ بیرات البائریک کے استعفے کی اصل وجہ ان کے طبی معاملات ہیں یا پھر انہیں اور ان کی ٹیم کو فارغ کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرات البائریک کے حوالے سے کہا جاتا تھا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر کے قریبی تھے اور اب ٹرمپ کی شکست کے بعد ترک صدر کے لیے ان کی اہمیت نہیں رہی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024