• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ہواوے اینڈرائیڈ کے مقابلے میں اپنے آپریٹنگ سسٹم میں پیشرفت کیلئے تیار

شائع November 9, 2020
— فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
— فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2019 میں ہواوے کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے مختلف پابندیاں لگائی تھیں۔

اب ڈونلڈ ٹرمپ کا عہد تو ختم ہورہا ہے مگر چینی کمپنی کو اندازہ ہے کہ نئے امریکی صدر کی آمد کے بعد بھی مستقبل میں گوگل سروسز تک رسائی مشکل ہوسکتی ہے، تو وہ اب اپنے ہارمونی آپریٹنگ سسٹم پر مزید آگے بڑھا رہی ہے۔

ہواوے کنزیومر بزنس گروپ کے سافٹ ویئر ڈیپارٹمنٹ کے صدر وانگ چینگ لو نے بتایا کہ ہارمونی او ایس کا اوپن سورس پلیٹ فارم ڈویلپرز کو 18 دسمبر کو دستتیاب ہوگا جبکہ اس آپریٹنگ پر چلنے والے اولین ڈیمو یونٹس جنوری یا فروری 2021 میں سامنے آئیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہواوے کے ملازمین کی جانب سے ہارمونی سے متعلق نئے ایکوسسٹم کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے اور اب تک سب کچھ منصوبے کے مطابق ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب 2021 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ابتدائی رپورٹس جاری ہوجائیں گی تو اپریل 2021 تک پبلک بیٹا ورژن متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

وانگ چینگ لو نے بتایا کہ کمپنی کے 9 فیصد اسمارٹ فون اس اپ ڈیٹ کے لیے تیار ہوں گے۔

خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ اپنے تیار کردہ ہارمونی آپریٹنگ سسٹم سے لیس اسمارٹ فونز 2021 میں متعارف کرانے والی ہے۔

کمپنی کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس میں بتایا گیا تھا کہ ہارمونی او ایس سے لیس فونز کی تیاری ہواوے موبائل سروسز سے مشروط ہے، یعنی کمپنی کتنی بڑی تعداد میں ایپس کو اپنی ایپ گیلری کا حصہ بناپاتی ہے۔

خیال رہے کہ ہواوے موبائل سروسز امریکی پابندیوں کے باعث گوگل پلے سروسز تک رسائی ختم ہونے پر متعارف کرائی گئی تھیں۔

اب تک ہواوے ایپ گیلری میں 96 ہزار ایپس کو شامل کیا جاچکا ہے جو جولائی میں 81 ہزار اور مارچ میں 60 ہزار تھی۔

اس کے مقابلے میں گوگل پلے اور ایپل ایپ اسٹور میں ایپس کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

خیال رہے کہ ہواوے کو گزشتہ سال امریکا نے بلیک لسٹ کرتے ہوئے گوگل سمیت امریکی کمپنیوں کی ٹیکنالوجی سے رسائی تک روک دیا تھا، جس کے بعد ہواوے کی جانب سے اینڈرائیڈ ایپ ایکوسسٹم کے متبادل کو تشکیل دیا گیا۔

ہارمونی او ایس 2.0 کو پہلے ٹیبلیٹس، کار سسٹمز اور اسمارٹ واچز کا حصہ بنایا جائے گا۔

ہواوے کا آپریٹنگ سسٹم اس وقت 49 کروڑ افراد تک مختلف ہارڈ ویئر ڈیوائسز کے ذریعے پہنچ چکا ہے اور اب وہ اس بڑھانا چاہتا ہے۔

اس مقصد کے لیے ہواوے نے چین میں کئی ہوم اپلائنسز تیار کرنے والی کمپنیوں سے معاہدے بھی کیے ہیں جن میں گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں قابل ذکر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024