• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بڑے شہروں میں کووڈ 19 کیسز مثبت آنے کی شرح میں تیزی سے اضافہ

شائع November 9, 2020
ملک بھر میں مجموعی طور پر کیسزکی مثبت شرح 5.4 فیصد ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک بھر میں مجموعی طور پر کیسزکی مثبت شرح 5.4 فیصد ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے تجزیے کے مطابق بڑے شہروں میں کووڈ 19 کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ملک کے کم از کم 3 بڑے شہروں میں یہ شرح 15 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔

این سی او سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق فورم کے اجلاس کے دوران کیسز کی مثبت شرح میں ہونے والے حالیہ اضافے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کیسز کے مثبت آنے کی شرح 5.4 فیصد ہے۔

مختلف شہروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح

  • حیدرآباد: 16.59 فیصد

  • ملتان: 15.97 فیصد

  • گلگت: 15.38 فیصد

  • مظفر آباد: 14.12 فیصد

  • میرپور: 11.11 فیصد

  • پشاور: 6.69 فیصد

  • کوئٹہ: 8.03 فیصد

  • اسلام آباد: 7.48 فیصد

  • کراچی: 7.12 فیصد

  • لاہور: 5.37 فیصد

  • راولپنڈی: 4.63 فیصد

اجلاس کے دوران تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز کی جانب سے فورم کو بڑے شہروں میں کیسز کے مثبت آنے کی بلند شرح سے متعلق انتظامی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسز میں خطرناک اضافہ، شادی کی تقاریب پر مزید پابندیاں عائد

فورم کو بتایا گیا کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر میں 4 ہزار 136 'مائیکرو اسمال لاک ڈاؤن' لگائے گئے ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس بیماری کی روک تھام کے لیے 'ٹیسٹ، تشخیص اور قرنطینہ' کی حکمت عملی کو استعمال کیا جارہا ہے، این سی او سی کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں لگائی جانے والی پابندیاں 31 جنوری 2021 تک نافذالعمل رہیں گی۔

فورم کو بتایا گیا کہ ہسپتالوں کی گنجائش اور سہولت کو بڑھانے کے لیے آکسیجن کی سہولت رکھنے والے 2 ہزار 811 بستروں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ 13 ہزار آکسیجن کے سلینڈر صوبوں اور وفاقی یونٹس کو فراہم کیے گئے ہیں۔

فورم نے صوبائی انتظامیہ کی کوششوں اور صحت کی حفاظت کے حوالے سے رہنما ہدایات کے مطابق فوری اور ضروری اقدامات لینے کو سراہا گیا۔

مزید پڑھیں: کیا محققین نے کورونا ویکسین کا سستا متبادل دریافت کرلیا؟

واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی صورتحال کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اس مہلک وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے شادی کی تقریبات کے لیے خصوصی رہنما ہدایات جاری کی تھیں۔

نئی ہدایات کے مطابق شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والوں کی نشست کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا ہوگا اور تقریب صرف 2 گھنٹوں پر محیط ہوگی جو 10 بجے اختتام پذیر ہوجائے گی۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے این سی او سی کی جانب سے ماسک پہننے کے حکم کی خلاف ورزی پر 100 روپے جرمانہ لگایا گیا تھا، اس کے ساتھ ہی صرف کھلے مقامات پر شادی کی تقریب کرنے کی اجازت دی گئی تھی جس میں زیادہ سے زیادہ ایک ہزار مہمانوں کی شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔

علاوہ ازیں تمام نجی اور سرکاری اداروں میں 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی پالیسی پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024