• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

گلگت بلتستان نے انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے پنجاب کانسٹیبلری سے مدد مانگ لی

شائع November 9, 2020
گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو ہونے والے انتخابی عمل میں تمام سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں— فائل فوٹو: پینجاب پولیس فیس بک
گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو ہونے والے انتخابی عمل میں تمام سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں— فائل فوٹو: پینجاب پولیس فیس بک

راولپنڈی: گلگت بلتستان انتظامیہ نے 15 نومبر کو ہونے والے انتخابات کی سیکیورٹی مؤثر بنانے کے لیے پنجاب کانسٹیبلری سے 2 ہزار سے زائد اضافی پولیس اہلکاروں کو طلب کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ گلگت بلتستان بھیجے جانے والے اہلکاروں کو ہنگامہ آرائی سے نمٹنے کے آلات سے مکمل طور پر لیس کر کے روانہ کیا جائے گا اور یہ اہلکار کووڈ 19 کے خلاف احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائیں گے۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو ہونے والے انتخابی عمل میں تمام سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان انتخابات میں 50 فیصد سے زائد پولنگ اسٹیشن ‘حساس‘ قرار

ذرائع کا کہنا تھا کہ پنجاب کانسٹبیلری فاروق آباد کے کمانڈنٹ نے لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد کے بٹالین کمانڈرز کو گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنانے کا کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور فاروق آباد ہیڈ کواٹرز سمیت تمام یونٹس کو اس سے متعلق احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کانسٹیبلری کے 2 ہزار 353 اہلکار، 23 انسپکٹرز، 78 سب انسپکٹرز، 168 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 250 ہیڈ کانسٹیبل اور ایک ہزار 834 کانسٹیبل کو انتخابات کے وقت ڈیوٹی کے لیے گلگت بلتستان بھیجا جائے گا۔

گلگت بلتستان میں موسمی شدت کے باعث تمام اہلکاروں کو اپنے ساتھ سردی سے بچاؤ کے لیے مکمل یونیفارم اور گرم کپڑے ساتھ لے جانے ہوں گے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان انتخابات میں آر ٹی ایس کے استعمال کا فیصلہ نہ ہوسکا

علاوہ ازیں انہیں کووڈ 19 کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر بھی عمل کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ ماہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں فوج کی مدد نہیں لی جائے گی۔

قبل ازیں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجا شہباز نے کہا تھا کہ وہ انتخابات کو ہر قیمت پر شفاف اور منصفانہ بنانے کا عزم رکھتے ہیں جبکہ انتخابات میں گلگت بلتستان اسکاؤٹس، پولیس، رینجرز اور ایف سی کی مدد حاصل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری کیپٹن ریٹائرڈ محمد خرم آغا نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کشمیر امور اور گلگت بلتستان کو بتایا تھا کہ مجموعی طور پر ایک ہزار 141 پولنگ اسٹیشنز میں سے 577 حساس جبکہ 297 انتہائی حساس ہیں۔

گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو شیڈول عام انتخابات کے لیے 24 حلقوں میں تقریبا 554 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024