• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

آذربائیجان کا کاراباخ کے دوسرے بڑے شہر پر قبضے کا اعلان

شائع November 8, 2020
آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے شہر فتح کرنے کا اعلان کردیا—فوٹو:رائٹرز
آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے شہر فتح کرنے کا اعلان کردیا—فوٹو:رائٹرز

آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے کہا ہے کہ نیگورنو-کاراباخ میں آرمینیا سے دوسرا بڑا شہر شوشا بھی حاصل کرلیا جبکہ آرمینیا نے تردید کردی۔

خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق صدر الہام علی یوف کے اعلان کے بعد دارالحکومت باکو کی سڑکوں پر جشن منایا گیا۔

مزید پڑھیں: نیگورنو-کاراباخ میں جھڑپیں، آرمینیا کے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 974 ہوگئی

—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی

رپورٹ کے مطابق شوشا کو آرمینیا کے شہری شوشی کہتے ہیں اور یہ شہر ثقافت اور اسٹریٹجک لحاظ سے دونوں ممالک کے لیے اہمیت رکھتا ہے اور خطے کے سب سے بڑے شہر اسٹیپنکرٹ کے جنوب میں 15 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔

خیال رہے کہ پہاڑی سلسلوں میں واقع نیگورنو-کاراباخ کا خطہ بنیادی طور پر آذربائیجان کا حصہ ہے لیکن آرمینیا کا تسلط ہے جبکہ ستمبر میں شروع ہونے والی جھڑپوں میں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔

آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے باکو میں شوشا پر فوج کے قبضے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‘آذربائیجان کی تاریخ میں یہ ایک عظیم دن ہوگا’۔

باکو میں شہریوں کی بڑی تعداد فتح کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئی، جن کے ہاتھوں میں قومی پرچم تھے اور نعرے لگا رہے تھے جبکہ کاروں کے ہارن بجائے جا رہے تھے۔

دوسری جانب نیگورنو-کاراباخ کے عہدیداروں اور آرمینیا کی وزارت دفاع نے الہام علی یوف کے دعووں کو مسترد کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: آذربائیجان کو ہتھیاروں کی فروخت پر اسرائیل سفارتی تنقید کی زد میں

نیگورنو-کاراباخ کی ریسکیو سروس کا کہنا تھا کہ ‘شوشی بدستور آذربائیجان کے لیے ناقابل حصول خواب ہے، تاہم شہر کو دشمنی کی بم باری سے شدید نقصان پہنچا ہے’۔

آرمینیا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ اہم علاقے میں شدید لڑائی جاری ہے جبکہ نیگورنو-کاراباخ کی فوج نے کہا کہ انہوں نے آذربائیجان کی فورسز کی پیش قدمی کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے۔

ترکی کے شراکت دار آذربائیجان کو 25 برس بعد جنوبی قفقاس میں برتری حاصل ہوئی ہے اور ایک مہینے میں نیگورنو-کاراباخ کے اطراف میں اکثر علاقوں کو واگزار کرالیا ہے جو 1990 کی دہائی میں ان سے چھین لی گئی تھی۔

آذربائیجان کے لیے شوشا شہر اسٹیپنکرٹ پر اپنا قبضہ واپس قائم کرنے کے لیے بنیادی مقام ہوسکتا ہے۔

دونوں ممالک ایک دوسرے پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں جبکہ آذربائیجان کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ آرمینیا کی جانب سے شہریوں پر شیلنگ خبریں جھوٹی ہیں۔

مزید پڑھیں: آرمینیا، آذربائیجان کے درمیان نئی جنگ بندی، خلاف ورزیوں کی بھی اطلاعات

یاد رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 1990 میں سوویت یونین سے آزادی کے ساتھ ہی کاراباخ میں علیحدگی پسندوں سے تنازع شروع ہوا تھا اور ابتدائی برسوں میں 30 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان 1994 سے اب تک تنازع کے حل کے لیے مذاکرات میں معمولی پیش رفت ہوئی ہے۔

آرمینیا کے حامی علیحدگی پسندوں نے 1990 کی دہائی میں ہونے والی لڑائی میں نیگورنو-کاراباخ خطے کا قبضہ باکو سے حاصل کرلیا تھا۔

بعد ازاں فرانس، روس اور امریکا نے ثالثی کا کردار ادا کیا تھا لیکن 2010 میں امن معاہدہ ایک مرتبہ پھر ختم ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کا نیگورنو-کاراباخ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

متنازع خطے نیگورنو-کاراباخ میں تازہ جھڑپیں 27 ستمبر کو شروع ہوئی تھیں اور پہلے روز کم ازکم 23 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فوری طور پر روس اور ترکی کشیدگی روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جاری جھڑپوں میں اب تک 244 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور کئی شہروں کو بھی نشانہ بنایا جاچکا ہے۔

نیگورنو-کاراباخ کا علاقہ 4 ہزار 400 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے اور 50 کلومیٹر آرمینیا کی سرحد سے جڑا ہے، آرمینیا نے مقامی جنگجوؤں کی مدد سے آذربائیجان کے علاقے پر خطے سے باہر سے حملہ کرکے قبضہ بھی کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024