• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

زمبابوے کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست، پاکستان کی سیریز میں فیصلہ کن برتری

شائع November 8, 2020
پاکستان نے باآسانی 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی—فوٹو: اے پی
پاکستان نے باآسانی 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی—فوٹو: اے پی

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں کپتان بابر اعظم اور حیدرعلی کی نصف سنچریوں کی مدد سے زمبابوے کی جانب سے دیے گئے آسان ہدف کو 2 وکٹوں پر 137 رنز بنا کر 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کیا اور سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور پاکستان کے باؤلرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تو حارث رؤف نے میچ کے دوسرے ہی اوور میں برینڈ ٹیلر کی اہم وکٹ حاصل کر لی۔

پاکستان نے پہلے ٹی20 میچ میں زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی— فوٹؤ بشکریہ زمبابوے کرکٹ
پاکستان نے پہلے ٹی20 میچ میں زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی— فوٹؤ بشکریہ زمبابوے کرکٹ

کپتان چمو چبابا اور شان ولیمز نے دوسری وکٹ کے لیے 25رنز جوڑ کر اسکور کو 30 تک پہنچایا ہی تھا کہ زمبابوین کپتان کو بھی حارث نے چلتا کردیا۔

زمبابوین ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ فہیم اشرف نے پاکستان کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے ان فارم شان ولیمز کی وکٹیں بکھیر دیں۔

اسکور 65 تک پہنچا تو دوسرا ٹی20 میچ کھیلنے والے عثمان قادر نے اپنے ایک ہی اوور میں سکندر رضا اور گزشتہ میچ میں 70 رنز کی اننگز کھیلنے والے ویزلے میڈھویرے کو پویلین لوٹا دیا اور زمبابوے کی ٹیم پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی۔

ریان بوری نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے 32 رنز بنائے اور ٹیم کو قدرے بہتر ہدف دینے میں مدد کی جبکہ چیگمبورا 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے فخر زمان شروع میں ہی صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان بابر اعظم نے نوجوان بلے باز حیدر علی کے ہمرا اسکور کو پراعتماد انداز میں آگے بڑھایا اور 100 رنز کی شراکت قائم کی۔

بابراعظم 51 رنز بنانے کے بعد 110 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

حیدر علی نے اپنی بیٹنگ جاری رکھی اور 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 66 رنز بنائے اور ٹیم کو 16 ویں اوور کی پہلی گیند پر 8 وکٹوں سے فتح دلائی، خوشدل شاہ نے 11 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔

پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ ہی 3 میچوں کی سیریز بھی جیت لی۔

حیدر علی کو پراعتماد اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔

پاکستان نے آج میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی جبکہ زمبابوے نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

بابر اعظم(کپتان)، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدر علی، محمد رضوان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عثمان قادر، وہاب ریاض، محمد حسنین اور حارث رؤف۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024