• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

اعصاب شکن مقابلے کے بعد جو بائیڈن امریکی صدر منتخب

شائع November 7, 2020 اپ ڈیٹ November 8, 2020
جو بائیڈن امریکا کے سب سے طویل عمر صدر ہوں گے — فوٹو: اے پی
جو بائیڈن امریکا کے سب سے طویل عمر صدر ہوں گے — فوٹو: اے پی

امریکا کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے مطلوبہ 270 سے زائد الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی۔

78 سالہ جو بائیڈن کی کامیابی کی تصدیق کے بعد صدارتی انتخاب کے بعد تین روز تک نتائج کے حوالے سے جاری کشمکش اور غیر یقینی کی صورتحال ختم ہوگئی۔

جو بائیڈن امریکا کے سب سے طویل عمر اور 46ویں صدر ہوں گے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ نے ہفتہ کی شام جو بائیڈن کو فاتح قرار دیا۔

جو بائیڈن نے ٹوئٹ میں اپنی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکا، مجھے فخر ہے کہ ہمارے عظیم ملک کی قیادت کے لیے آپ نے میرا انتخاب کیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے لیے آگے کا کام مشکل ہوگا، لیکن میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں تمام امریکیوں کا صدر ہوں گا، چاہے آپ نے مجھے ووٹ دیا ہو یا نہیں۔ میں یہ سمجھوں گا کہ آپ نے میرے حق میں ہی ووٹ دیا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: صدارتی انتخاب میں فتح ہمیں ہی ملے گی، جو بائیڈن

امریکی نشریاتی اداروں سی این این، این بی سی نیوز اور سی بی ایس نیوز نے بھی اپنی رپورٹس میں کہا کہ فیصلہ کن ریاست پینسلوینیا میں کامیابی کے بعد جو بائیڈن انتخاب میں فاتح قرار پائے ہیں۔

جو بائیڈن کی نائب کمالا ہیرس ہوں گی جو امریکا کی تاریخ میں یہ عہدہ حاصل کرنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔

کمالا ہیرس نے ٹوئٹ کے ذریعے جو بائیڈن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے کر دکھایا‘۔

منگل کی شام پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد امریکیوں کی نظریں ٹی وی اسکرین اور موبائل فونز پر جمی ہوئی تھیں اور دنیا بھر میں نئے امریکی صدر کے اعلان کا انتظار کیا جارہا تھا۔

جو بائیڈن نے اہم ریاستوں وِسکونسن اور مشی گن میں کامیابی حاصل کرکے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے امکانات کم کر دیے تھے۔

انتخاب کے دو روز بعد بھی کوئی بھی امیدوار مطلوبہ 270 الیکٹورل ووٹس حاصل نہیں کر سکا تھا اور ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے جو بائیڈن 264 جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ 214 الیکٹورل ووٹس ہی سمیٹ سکے تھے۔

تاہم پینسلوینیا کے 20 الیکٹورل ووٹس حاصل کرنے کے بعد جو بائیڈن کے کُل ووٹس کی تعداد 284 ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: ڈیموکریٹس انتخابات کو چرانے کی کوشش کر رہے ہیں، ٹرمپ

جہاں اب بھی لاکھوں ووٹوں کی گنتی باقی ہے، جو بائیڈن تاریخ میں سب سے زیادہ 7 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ووٹ کر چکے ہیں۔

بدھ کی سہ پہر کو پریس کانفرنس کے دوارن سابق نائب صدر نے کہا تھا کہ انہیں پوری امید ہے کہ وہ انتخاب جیت جائیں گے، لیکن وہ ابھی فتح کا اعلان نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں امریکا کے صدر کے طور پر حکومت کروں گا، ہماری فتح کے بعد کوئی ریاست سرخ یا نیلی نہیں ہوگی، صرف ریاست ہائے متحدہ امریکا ہوگا‘۔

دوسری جانب ووٹنگ کا عمل ختم ہونے کے دو روز بعد وائٹ ہاؤس میں تنہا ہوتے ہوئے ٹرمپ نے ایک غیر معمولی بیان میں کہا کہ ’وہ انتخابات چوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ڈیموکریٹس ہم سے الیکشن چرانے کے لیے غیر قانونی ووٹ استعمال کر رہے ہیں‘۔

امریکا کی سپریم کورٹ نے پنسلوانیا میں انتخابی دن کے بعد پہنچنے والے بیلٹس کی گنتی کو فوری طور پر روکنے کی ریاستی ریپبلیکنز کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

جو بائیڈن کون ہیں؟

ریاست پنسلوانیا کے شہر اسکرینٹن میں پیدا ہونے والے جو بائیڈن نے سیاست کا آغاز 1972 میں ریاست ڈلاوئیر سے سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی کے ساتھ کیا۔

انہیں خارجہ پالیسی کا کافی تجربہ ہے اور وہ اپنے سیاسی کیریئر کے دوران سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے دو بار چیئرمین رہے ہیں۔ جو بائیڈن نے عدالیہ سے متعلق کمیٹی کے چیئرپرسن کے طور پر بھی فرائض انجام دیے۔

ان کا یہ طویل کیریئر واضح طور پر داغ سے پاک نہیں ہے۔ انہیں 1994 کے پرتشدد جرائم کنٹرول کرنے اور قانون کے نفاذ سے متعلق قانون کی حمایت پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور ناقدین کہتے ہیں کہ یہ قانون بڑے پیمانے پر افریقی امریکیوں کو قید کیے جانے کی وجہ بنا۔

جو بائیڈن کو اپنی زندگی میں کئی دکھوں اور المیہ سے گزرنا پڑا۔ سال 1972 میں عین ان دنوں میں جب وہ سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے والے تھے، ان کی بیوی اور تین بچے کار حادثے کا شکار ہوئے جس میں ان کی اہلیہ اور بیٹی ہلاک ہوگئے جبکہ دونوں بیٹے بیو اور ہنٹر شدید زخمی حالت میں ہسپتال لائے گئے، جو بائیڈن حلف اٹھائے بغیر ہسپتال روانہ ہوئے اور بعد ازاں وہیں سے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھایا۔

سال 2015 میں جب جو بائیڈن امریکا کے نائب صدر تھے، ان کے 46 سالہ بیٹے بیو بائیڈن کی دماغ میں کینسر کی وجہ سے موت ہو گئی۔

جو بائیڈن نے صدر کے لیے پہلی 1988 میں انتخاب میں حصہ لیا لیکن برطانیہ کی لیبر پارٹی کے رہنما نیل کینوک کی تقریر چوری کرنے کے انکشاف کے بعد وہ دوڑ سے دستبردار ہوگئے۔

انہوں نے 2008 میں ایک بار پھر اپنی قسمت آزمائی لیکن اس بار بھی ناکام رہے اور ڈیموکریٹک پارٹی نے براک اوباما کو صدر کے لیے نامزد کیا۔ جو بائیڈن کو بعد ازاں نائب صدر کے لیے نامزد کیا گیا اور اوباما کے ساتھ اگلے 8 سال تک خدمات انجام دیں۔

جو بائیڈن، جو ڈونلڈ ٹرمپ کے ’پہلے امریکا‘ کے نعرے کا ’تنہا امریکا‘ کہہ کر مذاق اڑاتے ہیں، بطور عالمی رہنما ملک کی پوزیشن بحال کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024