• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 1543 کیسز، 29 اموات رپورٹ

شائع November 7, 2020
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 812 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے— فائل فوٹو: رائٹرز
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 812 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے— فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے مختلف پابندیاں بھی عائد کردی گئی ہیں۔

ان پابندیوں میں 20 نومبر سے بند مقامات پر شادیوں کے انعقاد پر پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ ماسک نہ پہننے والوں کو 100 روپے جرمانہ کیا جائے گا اور 3 ماسک فراہم کیے جائیں گے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 42 ہزار 373 ہے جس میں سے 3 لاکھ 17ہزار 898 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 6 ہزار 955 ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میں ملک میں مزید 1543 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 29 مریض دم توڑ گئے تاہم 812 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 17 ہزار 520 ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد اسکولوں کی بندش سمیت بتدریج مختلف پابندیاں عائد کی گئی تھیں جس کا عروج پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا نفاذ تھا۔

تاہم معاشی توازن بگڑنے کے پیشِ نظر اپریل سے ہی مرحلہ وار کچھ معاشی شعبے کھولنے کا آغاز کردیا گیا تھا اور مئی میں رمضان المبارک اور عید الفطر کے پیش نظر بڑی حد تک معاشی سرگرمیاں بحال ہوگئی تھیں۔

پابندیوں میں نرمی کے باعث وائرس کے پھیلاؤ کے لیے سب سے خطرناک مہینہ جون ثابت ہوا تاہم جولائی سے ستمبر تک صورتحال بہتر ہوتی چلی گئی اور اکتوبر سے دوربارہ یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز میں معمولی اضافہ ہونا شروع ہوا جو نومبر میں مزید بڑھ گیا ہے۔

آج 7 نومبر کو ملک میں وبا کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کے 620 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 49 ہزار 542 ہوگئی۔

سندھ میں وبا کے کیسز کی تعداد میں جولائی کے آخر کے بعد روز ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے۔

صوبے میں وائرس سے مزید 12 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2679 ہوگئی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سندھ میں کورونا کے 9 ہزار 995 ٹیسٹ کیے گئے۔

پنجاب

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کے352 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 208 ہوگئی۔

صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 9 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2399 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت میں وبا کے مزید 335 کیسز کی تصدیق ہوئی اس طرح شہر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 21 ہزار 302 ہوگئی۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں وائرس سے مزید 5 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 236 ہوگئی ہے۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 137 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مجموعی کیسز 40 ہزار 285 ہوگئے ہیں۔

علاوہ ازیں ایک مریض کے انتقال کر جانے والے اموارت کی مجموعی تعداد 1288 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان میں وائرس نے مزید 8 افراد کو اپنا شکار بنایا جس سے مجموعی متاثرین 16 ہزار 41 ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب مزید ایک مریض کے انتقال کر جانے سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 153 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 80 کیسز کا اضافہ ہوا اور یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 652 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وبا سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اس طرح اموات کی تعداد 107 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا سے مزید 11 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 4 ہزار 343 ہوگئی۔

وادی میں کورونا سے متاثرہ ایک اور مریض کے انقتال کر جانے یوں مجموعی اموات 93 ہوگئی ہیں۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 812 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 898 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 342373

اموات: 6955

صحتیاب: 317898

فعال کیسز: 17520

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 49 ہزار 542 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 208 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 40 ہزار 285 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 41 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 21 ہزار 302، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 343 اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 352 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2679

پنجاب: 2399

خیبرپختونخوا: 1288

بلوچستان: 153

اسلام آباد: 236

آزاد کشمیر: 107

گلگت بلتستان: 93

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024