• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اب یہ ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں جو انہیں نہیں ملے گا، مریم نواز

شائع November 6, 2020
مریم نواز نے کہا کہ اس حکومت نے لوگوں سے روٹی، سکون، روزگار اور خوشیاں چھین لی ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز نے کہا کہ اس حکومت نے لوگوں سے روٹی، سکون، روزگار اور خوشیاں چھین لی ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اب یہ این آر او ہم سے مانگ رہے ہیں لیکن سلیکٹڈ کو مسلم لیگ (ن) این آر او نہیں دے گی کیونکہ پہلے تم سلیکٹڈ تھے اب ریجکٹڈ ہو۔

اسکردو میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گلگت بلتستان والوں نے آج کو جذبہ دکھایا ہے اس کے بعد اگر (ن) لیگ دھاندلی سے ہرائی گئی تو نہ گلگت بلتستان مانے گا نہ پاکستان، کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان انتخابات میں وفاقی حکومت کے ساتھ جاتا ہے تو کیا اس بات گلگت بلتستان جاتی ہوئی حکومت کے ساتھ جائے گا، کیا گلگت بلتستان ایسی حکومت کے ساتھ جائے گا جس کی چند دنوں میں چھٹی ہونے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال قبل جب یہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے ووٹ پر ڈاکا ڈال کر آئے تھے تو آج یہ حالت ہوگئی ہے کہ جگہ جگہ گھبرائے ہوئے پھر رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کے جلسوں سے میرے وزرا کو پریشانی ہوتی ہے تو آپ کو پریشانی ہونی چاہیے کیونکہ عوام آپ کا گھیراؤ کر رہی ہے اور آپ کو گھر چھوڑ کر آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان گلگت بلتستان کو صوبے کا جھانسہ دے کر چلے گئے، مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے لوگوں سے روٹی، سکون، روزگار اور خوشیاں چھین لی ہیں اور اب جب حکومت کے آخری دن آگئے ہیں تو نہ دھاندلی رہے گی، نہ دھاندلی کرنے والے اور نہ ہی دھاندلی کی پیداوار عمران خان رہیں گے اور اب راج کرے گی تو خلق خدا۔

مریم نواز نے کہا کہ آج ملک کا چپہ چپہ اور عوام گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف کے علاوہ پاکستان کے پاس اب کوئی آپشن نہیں، اگر کسی کے پاس پاکستان کے مسائل کا علاج ہے تو اس کا نام نواز شریف ہے، آج جب آپ کو سمجھ آگئی ہے کہ ایک صفحے پر ہونے، عوام کے حق پر ڈاکا ڈالنے اور دھاندلی کے باوجود ڈھائی سال میں اگر آپ کی یہ حالت ہوگئی ہے تو عوام اور نواز شریف کے درمیان سے ہٹ جاؤ، ملک کو نواز شریف کے حوالے کردو پاکستان پھر سے ترقی کی منازل طے کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج آپ کی تمام طاقتیں، دھاندلیاں اور انتقام ناکام ہوچکے ہیں، آپ نے نواز شریف کی آواز بند کی اللہ نے آپ کی آواز بند کردی اور پوری دنیا میں جو ایک آواز گونج رہی ہے اس کا نام ہے نواز شریف۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکردو کے عوام اور نوجوانوں سے کہتی ہوں کہ اپنے حق کے لیے کھڑے ہوجاؤ، حکومتوں کو منتخب کرنے اور انہیں گھر بھیجنے کا اختیار صرف عوام کے پاس ہے، اب عوام کسی کو اپنے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں جو لوگ دھاندلی کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں وہ یاد رکھیں کہ 2 سالوں میں پاکستان بدل چکا ہے، اب نہ لوٹوں کو ووٹ ملے گا، نہ دھاندلی کرنے والے بچیں گے اور نہ دھاندلی کروانے والے بچیں گے۔

مزید پڑھیں: گلگت-بلتستان انتخابات: مسلم لیگ (ن) نے اُمیدواروں کو ٹکٹس جاری کردیے

انہوں نے کہا کہ میں نے جب کہا کہ لوٹوں کا گھیراؤ کرو تو اس کا مطلب گھیراؤ کرو، ہم لوٹوں کو چھپنے نہیں دیں گے تاکہ جب یہ اپنے حلقوں میں جائیں تو ان کو احساس دلایا جائے کہ یہ کتنا بڑا جرم کرکے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی بات کرتے ہیں، یہ عزت ان کے نصیب میں نہیں لکھی اور گلگت بلتستان کو جو صوبہ بنائے گا اس کا نام نواز شریف ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ کہتے ہیں این آر او نہیں دوں گا، اب یہ این آر او ہم سے مانگ رہے ہیں لیکن سلیکٹڈ کو مسلم لیگ (ن) این آر او نہیں دے گی کیونکہ پہلے تم سلیکٹڈ تھے اب ریجکٹڈ ہو، عمران خان تم کو این آر او نہیں ملے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024