• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ریکوڈک ریفرنس: احتساب عدالت نے 25 ملزمان کو 18 نومبر کو طلب کرلیا

شائع November 6, 2020
قومی احتساب بیورو نے 2 روز قبل احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا—فائل فوٹو: ٹیتھیان کاپر کمپنی
قومی احتساب بیورو نے 2 روز قبل احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا—فائل فوٹو: ٹیتھیان کاپر کمپنی

کوئٹہ کی ایک احتساب عدالت نے ریکوڈک منصوبے سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کے ریفرنس کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نوٹسز جاری کردیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیب نے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچانے پر ریفرنس میں حکومت بلوچستان کے سابق افسران اور بین الاقوامی کمپنیوں کو نامزد کیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج منور احمد شاہوانی نے 25 ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

یہ بھی پڑھیں: ریکوڈک کیس: نیب نے سرکاری افسران، غیر ملکی کمپنیوں کے خلاف ریفرنس دائر کردیا

قبل ازیں نیب نے ریفرنس میں بلوچستان کے سابق گورنر جسٹس (ر) امیر الملک مینگل کو بھی نامزد کیا تھا تاہم بعد میں ان کا نام عدم شواہد کی بنا پر نکال دیا گیا تھا۔

ریفرنس میں نامزد ملزمان میں بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) کے سابق چیئرمین محمد فاروق، محکمہ کان کنی کے سابق اے جی ایم محمد طاہر، سابق سیکریٹری مقبول احمد، بلوچستان بورڈ آف ریونیو (بی بی آر) کے سابق سیکریٹری شیخ عظمت اللہ، سینئر رکن شہباز خان مندوخیل، بلوچستان کے سابق سیکریٹری کلے بخش رند، بی ڈے اے کے سابق اے جی ایم پلاننگ مسعود احمد ملک، کرنل (ر) شیر خان، کیپٹن (ر) فرید الدین، عطا محمد جعفر اور عامر علی برق شامل ہیں۔

ان کے علاوہ ٹیتھیان کاپر کمپنی (ٹی سی سی پی) کے سابق انتظامی افسر بری داد، ڈائریکٹر ٹی سی سی پی مسلم لاکھانی، بی ایچ پی منرلز کے ایسپلوریشن منیجر کرسٹوفر رابرٹ، بی ایچ پی منرلز کے سی ای او/پروگرام منیجر جان پی شریڈر، ڈائریکٹر ٹی سی سی پی ڈیوڈ چارلس، ٹموتھی جیمز، جوز ایڈوارو فلورز، ہیوگ آر جیمز، کیتھرین جین بوگس اور پیٹر آ ریک کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ریکوڈک: اربوں ڈالر کا راز

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو نے 2 روز قبل احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

نیب کے مطابق بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور آسٹریلین کمپنی بروکن ہِل پروپرائیٹی کے درمیان 1993 میں چاغی ہلز ایکسپلوریشن جوائنٹ وینچر معاہدہ پر دستخط کیے گئے تھے۔

ریفرنس میں کہا گیا کہ بدعنوان افسران بالخصوص بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے آسٹریلین کمپنی کو غیر قانونی طور پر فائدہ پہنچایا۔

ریفرنس کے مطابق مذکورہ بالا معاہدے کی شرائط کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد مرتبہ غیر قانونی ذیلی معاہدے کر کے اور ایک نئی کمپنی ٹیتھیان کاپر کمپنی (ٹی سی سی) کو متعارف کروا کر بلوچستان میں کان کانی میں رعایت سے متعلق قواعد میں غیر قانونی طور پر ترمیم کی گئی جو قومی مفاد کے خلاف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریکوڈک کیس میں 6 ارب ڈالر جرمانہ، پاکستان نے امریکی عدالت سے رجوع کرلیا

نیب کا کہنا تھا کہ اراضی کی الاٹمنٹ اور دیگر معاملات میں ریونیو ڈپارٹمنٹ کے افسران کی جانب سے سنگین بے ضابطگیاں کی گئیں اور ملزمان نے مالی فوائد حاصل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

نیب کے ترجمان کے مطابق گواہان کے بیانات اور ریکارڈ سے اس بات کا انکشاف ہوا کہ ٹی سی سی آپریٹوز حکومتی ملازمین کو رشوت دینے اور غیر قانونی فوائد حاصل کرنے میں ملوث تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024