• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سری لنکا سے 41 پاکستانی قیدی وطن واپس پہنچ گئے

شائع November 5, 2020
اعداد و شمار کے مطابق مختلف جرائم میں سزا یافتہ 87 پاکستانی قیدی سری لنکا جبکہ 11 ہزار سے زائد بیرون ملک جیلوں میں قید ہیں —  فائل فوٹو: کریٹو کامنز
اعداد و شمار کے مطابق مختلف جرائم میں سزا یافتہ 87 پاکستانی قیدی سری لنکا جبکہ 11 ہزار سے زائد بیرون ملک جیلوں میں قید ہیں — فائل فوٹو: کریٹو کامنز

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ایک چارٹرڈ پرواز کے ذریعے سری لنکا کی جیلوں میں مختلف مقدمات میں قید کاٹنے والے 41 پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لایا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 2004 میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سے متعلق دو طرفہ معاہدہ کیا گیا تھا، جس کے تحت 7 سال کے عرصے میں پہلی مرتبہ قیدیوں کا تبادلہ کیا گیا۔

واضح رہے اس معاہدے کے تحت ان کیسز میں قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے گا جن میں 6 ماہ سے زائد قید کی سزا سنائی گئی ہو۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکن جیلوں میں قید 44 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی جلد متوقع

اس طرح قیدی اب اپنے خاندان اور دوستوں سے قریب رہ کر اپنی باقی کی سزائیں اپنے ملک میں پوری کریں گے، پاکستان واپس لانے کے بعد ان قیدیوں کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے۔

کولمبو سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک نے بندرا نائیکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ (بی آئی اے) پر قیدیوں کو الوداع کہا۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے وطن واپس جانے والے قیدیوں سے بات کرتے ہوئے انہیں پاکستان پہنچ کر مستقبل میں اس طرح کے جرائم سے دور رہنے کا مشورہ دیا تاکہ وہ اپنے پیاروں کے ساتھ بہتر زندگی گزار سکیں۔

مزید پرھیں: سعودی جیلوں سے پاکستانیوں کی رہائی میں تاخیر پر اپوزیشن کو تشویش

قیدیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'جیل میں زندگی بالکل اطمینان بخش نہیں ہے خاص طور جب آپ اتنے طویل عرصے تک اپنے جرم کی سزا اپنے وطن، خاندان سے دور رہ کر برداشت کررہے ہوں'۔

علاوہ ازیں تمام قیدیوں کے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے کے بعد ان کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا۔

مزید یہ کہ ائیر بس اے 320 کی ایک چارٹرڈ فلائٹ پی کے-9872 کے ذریعے قیدیوں کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نادرا کے افسران کی تحویل میں اسلام آباد پہنچایا گیا۔

جسٹس پروجیکٹ پاکستان (جے پی پی) نامی سول سوسائٹی کی تنظیم جو پاکستانی اور دوسرے ملکوں کی جیلوں میں موجود کمزور اور مجبور قیدیوں کو مفت قانونی مدد فراہم کرتی ہے سری لنکا سے پاکستان آنے والے قیدیوں کو خوش آمدید کہا۔

یہ بھہی پڑھیں: سعودی عرب میں 579 پاکستانی قیدی رہا

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے تارکین وطن کے حقوق کے تحفظ سے متعلق کیے گئے وعدے کو قیدیوں کی وطن واپسی سے نئی جہت ملی ہے۔

تنظیم کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال وزیراعظم خان نے سعودی عرب کے شہزادے محمد بن سلمان سے سلطنت سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی جس پر سعودی شہزادے نے 2 ہزار 107 پاکستانی قیدیوں کو چھوڑنے کا وعدہ کیا تھا تاہم یہ وعدہ اب تک پورا نہ ہوسکا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مختلف جرائم میں سزا یافتہ 87 پاکستانی قیدی سری لنکا میں جبکہ 11 ہزار سے زائد بیرون ملک جیلوں میں قید ہیں۔


یہ خبر 5 نومبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024