• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز 15 ہزار سے تجاوز کرگئے

شائع November 4, 2020
پاکستان میں کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور یومیہ کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی بتدریج دوسری لہر شروع ہوچکی ہے جبکہ اسی کو دیکھتے ہوئے مارکیٹوں، بازاروں، شادی ہالز کو رات 10 بجے جبکہ تفریحی مقام اور پارکوں کو 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ ماسک پہننا بھی لازمی قرار دیا گیا تھا۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار 65 ہے جس میں سے 3 لاکھ 16ہزار 60 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ انتقال کرجانے والوں کی تعداد 6 ہزار 875 ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 1284 نئے کیسز اور 20 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 614 مریض صحتیاب بھی ہوگئے۔

اس تعداد میں خیبرپختونخوا کے 140 کیسز ایک موت جبکہ بلوچستان کے 23 کیسز گزشتہ روز کے اعداد و شمار تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سے وبا کی صورتحال میں خاصی بہتری آئی تھی لیکن خطرہ ٹلا نہیں تھا۔

اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ کے دوران یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد تک جا پہنچی تھی۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن نظر آئی اور کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست میں اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

ماہ ستمبر میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا تھا تاہم ستمبر کے اواخر سے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

آج 04 نومبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان میں صوبے میں کورونا کے مزید 492 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 787 ہوگئی۔

سندھ میں وائرس سے مزید 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2647 ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبے میں 357 مریض صحتیاب بھی ہوئے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 303 نئے کیسز اور 8 اموات رپورٹ ہوئیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں گزشتہ کچھ روز سے یومیہ کیسز کی تعداد میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 303 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 197 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 8 اموات نے وہاں مجموعی تعداد 2 ہزار 380 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 228 کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان 228 کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعداد 20 ہزار 471 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد میں کورونا وائرس سے 2 نئی اموات کے بعد وہاں مجموعی تعداد 224 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 85 لوگوں کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد کا انتقال ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سامنے آنے والے ان 85 کیسز کے بعد وہاں اب تک کے کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہزار 415 تک جاپہنچی۔

مزید یہ کہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 99 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 13 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان 13 نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہزار 306 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ وہاں اموات کی مجموعی تعداد 92 ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں روز بروز صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 614 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 614 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 16 ہزار 60 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 338065

اموات: 6875

صحتیاب: 316060

فعال کیسز: 15130

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 787 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 197 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 39 ہزار 889 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 20 ہزار 471، گلگت بلتستان میں 4ہزار 306 اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 415 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2647

پنجاب: 2380

خیبرپختونخوا: 1281

بلوچستان: 152

اسلام آباد: 224

آزاد کشمیر: 99

گلگت بلتستان: 92

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024