• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

بولی وڈ کے 'رحمت علی' اداکارہ کا جنسی استحصال کرنے کے الزام میں گرفتار

شائع November 4, 2020
واقعہ شیرنی فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
واقعہ شیرنی فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

بولی وڈ کی مقبول وار فلم 'کیا دلی، کیا لاہور' میں پاکستانی فوجی رحمت علی کا کردار ادا کرنے والی بولی وڈ کے مایہ ناز اداکار 57 سالہ وجے راز کو ساتھی اداکارہ کا جنسی استحصال کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

وجے راز نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران 100 کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، انہیں زیادہ تر کامیڈی کردار ادا کرنے کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔

وجے راز نے زیادہ تر آرٹ فلموں میں کام کیا ہے، ساتھ ہی وہ کمرشل فلموں میں بھی شاندار اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

وجے راز نے سال 2000 سے قبل اداکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے پہلی فلم سے ہی فلم سازوں کی توجہ حاصل کرلی تھی، تاہم انہیں شہرت 2001 کی فلم 'مون سون ویڈنگ' سے ملی۔

وجے راز کو ان کے کامیڈی کرداروں کی وجہ سے زیادہ شہرت حاصل ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
وجے راز کو ان کے کامیڈی کرداروں کی وجہ سے زیادہ شہرت حاصل ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

اسی فلم میں شاندار اداکاری کے باعث انہیں بہترین کامیڈی اداکار کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا، ان کی مشہور فلموں میں 'عکس، کمپنی، کھیل، رن، ممبئی ایکسپریس، دیوانے ہوئے پاگل، ممبئی ٹو گووا، دھمال، ویلکم، منو رنجن، دہلی سکس، دہلی بیلے، کیا دلی کیا لاہور، اتا، پتا، لاپتا، گلی بوائے، ڈریم گرل، گلابو، ستابو اور لوٹ کیس' شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کم عمری میں رشتے دار نے جنسی استحصال کیا، بیٹی عامر خان

وجے راز ان دنوں اپنی آنے والی فلم 'شیرنی' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جہاں ان پر ساتھی اداکارہ نے جنسی استحصال کا الزام لگایا تو انہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ وجے راز کو ممبئی کے شہر گوندیا سے 'شیرنی' کی شوٹنگ کے دوران گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وجے راز کے خلاف فلم کی ساتھی اداکارہ نے پولیس میں جنسی استحصال کی رپورٹ درج کروائی تھی، جس میں 30 سالہ خاتون نے دعویٰ کیا کہ 57 سالہ اداکارہ انہیں تین دن تک ہر روز شام میں جنسی طور پر ہراساں کرتے رہے۔

اداکارہ کے مطابق وہ اور وجے راز جس ہوٹل میں ٹھہرے تھے، وہیں اداکار نے انہیں ہر روز شام کے وقت میں نامناسب انداز میں چھوا اور ان کا جنسی استحصال کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جس ہوٹل میں واقعہ پیش آیا، وہاں فلم کی ٹیم کے دیگر 50 افراد بھی رہتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق شیرنی کی شوٹنگ کے لیے اداکارہ ودیا بالن بھی وجے راز اور جنسی استحصال کا نشانہ بننے والی لڑکی کے ساتھ مذکورہ ہوٹل میں رہائش پذیر تھیں۔

خاتون کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اداکار وجے راز کو اپنی حراست میں لے کر کیس کی مزید تفتیش شروع کردی۔

وجے راز میں جنسی استحصال کے الزامات اور ان کی گرفتاری پر تاحال اداکارہ ودیا بالن یا شیرنی فلم کی ٹیم کے دیگر ارکان نے کوئی بیان جاری نہیں کیا اور فوری طور پر اداکار پر الزام لگانے والی خاتون کی شناخت بھی نہیں ہوسکی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024