اداکارہ صحیفہ جبار بھی 'عالمی وبا' سے متاثر
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سر اٹھاتے ہی ملک میں شوبز شخصیات کے وبا سے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب ایک اور پاکستانی اداکارہ اور ماڈل صحیفہ جبار خٹک بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئی ہیں۔
صحیفہ جبار خٹک نے اپنے مداحوں اور فالوورز کو سوشل میڈیا کے ذریعے کورونا وائرس کی تصدیق سے متعلق آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں: گلوکار جواد احمد بھی کورونا وائرس کا شکار
اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری اسٹوری میں صحیفہ جبار خٹک نے ایک مختصر پیغام میں بتایا کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے مداحوں سے محبت اور دعا کی اپیل بھی کی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں گلوکار جواد احمد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ گزشتہ ہفتے اداکار عثمان مختار اور ماڈل فروا علی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
تاہم فروا علی کاظمی کو کھانسی کے باوجود لاہور میں منعقد ہونے والے ایک فیشن شو میں شرکت پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ماڈل فروا علی کاظمی بھی کورونا کا شکار
کورونا کے باعث پاکستان میں 2 اداکاروں کی موت بھی ہوچکی ہے، جن میں 9 ستمبر کو فلم اور ڈراموں کے سینئر اداکار مرزا شاہی اور 21 مئی کو سندھی و اردو اسٹیج ڈراموں و ٹی وی کے اداکار صغیر الہٰی کھچی چل بسے تھے۔
علاوہ ازیں اداکارہ سکینہ سموں، ندا یاسر، یاسر نواز، روبینہ اشرف، گلوکار ابرار الحق، بلال مقصود کامیڈین و میزبان شفاعت علی, واسع چوہدری اور نوید رضا ھی وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں 3 نومبر کی شام تک مجموعی طور پر کورونا متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 36 ہزار 781 تک جا پہنچی تھی، جن میں سے 3 لاکھ 15 ہزار 446 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 855 انتقال کر چکے ہیں۔