• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

سلوواکیہ: 2 دن میں 70 فیصد آبادی کے کورونا ٹیسٹ

شائع November 3, 2020
سلوواکیہ کی آبادی 54 لاکھ تک ہے—فوٹو: رائٹرز
سلوواکیہ کی آبادی 54 لاکھ تک ہے—فوٹو: رائٹرز

وسطی یورپی ملک سلوواکیہ کی حکومت نے محض 2 دن میں ملک کی تقریبا 70 فیصد یعنی دو تہائی آبادی کے کورونا ٹیسٹ کرکے منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔

دسمبر 2019 میں شروع ہونے والی کورونا وائرس کی وبا کے باعث اگرچہ دنیا بھر کے ممالک کی زیادہ سے زیادہ آبادی کے ٹیسٹ کرنے کے منصوبے موجود ہیں تاہم آج تک کوئی بھی حکومت ملک کی مجموعی آبادی کے ٹیسٹ نہیں کر پائی۔

کورونا کا مرکز تصور کیے جانے والے چین نے بھی اپنی چند ریاستوں کی تقریبا 70 سے 95 فیصد آبادی کے ٹیسٹ کیے ہیں۔

جب کہ یورپ کے دیگر چند ممالک سمیت کچھ ایشیائی ممالک نے بھی بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کرکے بعض علاقوں، قصبوں یا شہروں کی پوری آبادی کے ٹیسٹ بھی کیے ہیں، تاہم کسی بھی ملک نے مجموعی آبادی کے ٹیسٹ نہیں کیے۔

یہ بھی پڑھیں: شام: 30 لاکھ افراد کیلئے کورونا ٹیسٹ کے نتائج بنانے والی ایک مشین

لیکن جلد ہی سلوواکیہ دنیا کا وہ پہلا ملک بن جائے گا، جہاں کے تقریبا ہر شخص کا کورونا ٹیسٹ کیا جا چکا ہوگا۔

36 لاکھ ٹیسٹ میں سے 38 ہزار افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی—فوٹو: رائٹرز
36 لاکھ ٹیسٹ میں سے 38 ہزار افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی—فوٹو: رائٹرز

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سلوواکیہ کی حکومت نے 2 نومبر کو تصدیق کی کہ 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو ملک کی مجموعی آبادی میں سے 36 لاکھ یعنی دو تہائی آبادی کے کورونا ٹیسٹ مکمل کرلیے گئے۔

محض 2 دن میں کیے گئے 36 لاکھ ٹیسٹ میں سے 36 ہزار 395 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی، جنہیں حکومتی ہدایات کے تحت قرنطینہ کرلیا جائے گا۔

سلوواکیہ کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کسی بھی شخص کو کورونا ٹیسٹ کے لیے مجبور نہیں کرے گی تاہم ہر شہری کو رضاکارانہ طور پر ٹیسٹ کروانا چاہیے، دوسری صورت میں ٹیسٹ سے انکار کرنے والے ہر شخص کو قرنطینہ ہوجانا چاہیے۔

سلوواکیہ کی حکومت نے 10 سال سے لے کر زائدالعمر افراد کے ٹیسٹ کیے ہیں اور 2 نومبر کو حکومت نے تصدیق کی کہ 36 لاکھ ٹیسٹ مکمل کرلیے گئے۔

ٹیسٹس کے لیے کنٹینر پر سینٹرز قائم کیے گئے تھے—فوٹو: سی این این
ٹیسٹس کے لیے کنٹینر پر سینٹرز قائم کیے گئے تھے—فوٹو: سی این این

سلوواکیہ کی مجموعی آبادی 54 یا 55 لاکھ ہے اور حکومت آئندہ ہفتے کے اختتام سے قبل بچ جانے والی آبادی کے ٹیسٹ مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

سلوواکیہ کی حکومت نے ٹیسٹ کلیئر آنے والے افراد کو کورونا فری کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے، جسے حاصل کرنے والے ہر شخص کو تمام امور سر انجام دینے کی اجازت ہوگی۔

سلوواکیہ حکومت نے 'اینٹی جن' ٹیسٹ کے طریقے کو اپناتے ہوئے دو تہائی آبادی کے ٹیسٹ کیے تاہم مذکورہ ٹیسٹ پر وہاں کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیں: یو اے ای میں کورونا ٹیسٹ کی تعداد آبادی سے زیادہ رہی، حکام

اینٹی جن ٹیسٹ کے ذریعے متاثرہ شخص کے منہ سے نمونے لیے جاتے ہیں جب کہ دنیا بھر میں پی سی آر ٹیسٹ کو کورونا کا بہترین ٹیسٹ مانا جاتا ہے، جس کے ذریعے متاثرہ شخص کے ناک سے نمونے لیے جاتے ہیں۔

تاہم پی سی آر کے مقابلے میں اینٹی جن ٹیسٹ کے نتائج جلد آتے ہیں اور وہ سستا ٹیسٹ بھی سمجھا جاتا ہے۔

سلوواکیہ سمیت یورپ کے متعدد ممالک کو دنیا کے دیگر ممالک کی طرح کورونا کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ سلوواکیہ کی طرح دیگر ممالک بھی بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کریں گے—فوٹو: رائٹرز
خیال کیا جا رہا ہے کہ سلوواکیہ کی طرح دیگر ممالک بھی بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کریں گے—فوٹو: رائٹرز

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024