• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ڈیوپلیسی پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے

شائع November 2, 2020
ڈیوپلیسی پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے—فوٹو: پی سی بی
ڈیوپلیسی پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے—فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ چارمیچوں میں 21 غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے سابق کپتان فیف ڈیوپلیسی پہلی لیگ کا حصہ ہوں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل 2020 کے بقیہ 4 میچوں میں مجموعی طور پر 21 غیر ملکی کھلاڑی تمام ٹیموں کی جانب سے کھیلی گے۔

پی ایس ایل کے 4 میچوں میں حصہ لینے کے لیے جنوبی افریقہ کے 7، انگلینڈ کے 6، ویسٹ انڈیز کے 4، بنگلہ دیش کے 2، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا ایک،ایک کھلاڑی پاکستان آئے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 2020 کے بقیہ چاروں میچز کی تاریخوں کا اعلان

اعلامیے کے مطابق ان 21 غیر ملکی کھلاڑیوں میں ڈیوپلیسی سب سے نمایاں نام ہے جو پہلی مرتبہ لیگ میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے پلے آف میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے 255 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے ڈیوپلیسی پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے، انہیں ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو اپنی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ڈیوپلیسی کے علاوہ جنوبی افریقہ سے کیمرون ڈیلپورٹ (کراچی کنگز)، ڈین ویلاز، ڈیوڈ ویزے (لاہور قلندرز)، ریلی روسو، عمران طاہر (ملتان سلطانز) اور ہارڈس ولیجوئن (پشاور زلمی) بھی پی ایس ایل 2020 کا حصہ ہوں گے۔

دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے 6 کھلاڑی بھی پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں حصہ لینے کے لیے آمادگی کا اظہار کرچکے ہیں۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں میں الیکس ہیلز (کراچی کنگز)، جیمز وینس، ایڈم لیتھ، روی بوپ (ملتان سلطانز)، سمت پٹیل (لاہور قلندرز)، اور لیام لیونگ اسٹون (پشاور زلمی) شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات کے بعد پی ایس ایل مؤخر کی'

ویسٹ انڈیز کے چیڈوک والٹن اور روتھر فورڈ کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے، کارلوس بیتھویٹ اور ڈیرن سیمی پشاور زلمی کا حصہ ہوں گے۔

بنگلہ دیش کے تمیم اقبال لاہور قلندرز اور محموداللہ ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلیں گے، آسٹریلیا بین ڈنک لاہور قلندرز اور نیوزی لینڈ کے مچل مکلینگن کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب 17 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا اور اس وقت پلے آف میچز کا انعقاد ہونا باقی تھا۔

بعد ازاں 3 ستمبر کو پی سی بی نے ملتوی ہونے والے میچوں کا نیا شیڈول جاری کردیا تھا۔

پی سی بی نے کہا تھا کہ لیگ کے بقیہ چاروں میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے، کوالیفائر اور پہلا ایلیمنیٹر 14 نومبر کو ہو گا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ 15 نومبر کو دوسرا ایلیمنیٹر منعقد ہو گا جبکہ فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

کورونا وائرس کے سبب لیگ کے چاروں میچز کووڈ پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں گے جس میں تمام کھلاڑی، میچز آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہیں گے۔

لیگ کے بقیہ چار میچوں میں جن چار ٹیموں کا مقابلہ ہو گا ان میں سے صرف پشاور زلمی کی ٹیم پہلے چیمپیئن بننے کا اعزاز رکھتی ہیں جبکہ کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آج تک یہ اعزاز حاصل نہ کر سکیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پی ایس ایل 2020 غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

پی سی بی کے اعلامیے مطابق 14 نومبر کو کوالیفائر میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا اور اسی دن پہلے ایلی منیٹر میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

جس کے بعد 15 نومبر کو دوسرے ایلیمنیٹر میں کوالیفائر ہارنے والی ٹیم کا پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم سے مقابلہ ہوگا جبکہ لیگ کا فائنل 17 نومبر کو منعقد ہو گا۔

لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم 14پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کراچی کنگز 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لاہور قلندرز 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

سابق چیمپیئن پشاور زلمی اور دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے یکساں 9 پوائنٹس تھے لیکن بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر زلمی فائنل فور میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی، دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر رہی۔

لیگ کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنر اپ کو 2 لاکھ امریکی ڈالرز ملیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024