• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کیٹ ونسلیٹ نے پانی میں 7 منٹ تک سانس روک کر ٹام کروز کا ریکارڈ توڑ دیا

شائع November 2, 2020
مشن امپوسبل فائیو کا ایک سین — اسکرین شاٹ
مشن امپوسبل فائیو کا ایک سین — اسکرین شاٹ

ٹام کروز نے جب 24 سال قبل مشن امپوسبل سیریز میں شمولیت اختیار کی تو ایک ادکار ہوتے ہوئے اپنے اسٹنٹس خود کرنے کے حوالے سے ساکھ لیجنڈری حیثیت اختیار کر گئی، اس سیریز کی ہر نئی فلم میں دنگ کردینے والے اسٹنٹس ہوتے ہیں جو ٹام کروز نے خود کیے۔

ہوسکتا ہے کہ آپ کا خیال ہو کہ 2011 میں ریلیز ہونے والی مشن امپوسبل گھوسٹ پروٹوکول میں دنیا کی سب سے بلند عمارت پر چڑھنے کا مظاہرہ ٹام کروز نے خود نہ کیا ہو مگر آپ کی سوچ غلط ہے۔

مگر 2015 میں ٹام کروز نے مشن امپوسبل روگ نیشن میں 6 منٹ تک پانی کے اندر ایک اسٹنٹ کے لیے سانس روک کر ایک فلمی ریکارڈ بنایا تھا۔

اور اب وہ ریکارڈ 5 سال بعد ہولی وڈ کی معروف اداکارہ کیٹ ونسلیٹ نے توڑ دیا ہے۔

ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی فلم اوتار 2 کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اس کے زیادہ ترین مناظر پانی کے اندر عکسبند ہوئے ہیں اور اس میں کیٹ ونسلیٹ ایک 'واٹر پرسن' کے روپ میں نظر آئیں گی۔

اس کردار کے لیے انہوں نے اپنی سانس 7 منٹ تک روکنے کا متاثر کن کارنامہ سرانجام دیا۔

اس طرح انہوں نے ٹام کروز کا ریکارڈ توڑ دیا جو انہوں نے 6 منٹ تک سانس روک کر قائم کیا تھا۔

گزشتہ دنوں اتار کے پروڈیوسیر جون لاندو نے کیٹ ونسلیٹ کے ایک زیرآب سین کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔

فوٹو بشکریہ جون لاندو انسٹاگرام پیج
فوٹو بشکریہ جون لاندو انسٹاگرام پیج

تصویر کے کیپشن میں کیٹ ونسلیٹ کے ایک انٹرویو کا جملہ دیا گیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا 'اوتار کے کردار کے لیے میں نے سیکھا کہ فری ڈائیو کیسے کی جاتی ہے اور وہ زبردست تجربہ تھا،۔ میں نے 7 منٹ 14 سیکنڈ تک سانس روکنے میں کامیابی حاصل کی جو بہت، بہت حیرت انگیز تھا، میں ایک واٹر پرسن کا کردار ادا کررہی ہوں'۔

خیال رہے کہ ہولی وڈ ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے اپنی فلم اوتار کو 2009 میں ریلیز کیا تھا جس نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 ارب 79 کروڑ ڈالرز کمائے تھے۔

لگ بھگ 10 سال تک سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا ریکارڈ اوتار کے نام رہا تھا جو گزشتہ سال ایوینجرز اینڈ گیم نے توڑا۔

فلم کی کامیابی کے بعد جیمز کیمرون نے اس کے 5 سیکوئلز پر کام کرنے کا اعلان کیا تھا مگر 11 سال بعد بھی کسی ایک کو ریلیز نہیں کیا جاسکا۔

مگر ستمبر میں اس فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی گئئی تھی جبکہ تیسرے حصے کا کام بھی لگ بھگ ختم ہوچکا ہے۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ویسے فلم کی تیاری میں اتنی تاخیر حیران کن بھی نہیں کیونکہ جیمز کیمرون نے اوتار کی تیاری کا آغاز 1994 میں اس وقت کیا تھا جب انہوں نے اس کا 80 صفحات پر مشتمل مرکزی خیال تحریر کیا۔

اس فلم کی عکسبندی 1997 میں ٹائٹینک کے بعد شروع ہونی تھی مگر ڈائریکٹر جس قسم کی ٹیکنالوجی کے خواہشمند تھے وہ اس وقت انہیں مل نہیں سکی۔

یہاں تک کہ فلم میں جس خلائی زندگی کو دکھایا گیا، اس کے لیے زبان بھی خود تیار کی گئی اور یہ اپنے دور کی مہنگی ترین فلم تھی، جس پر 23 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز خرچ کیے گئے۔

اوتار 2 میں سام ورتھنگٹن، زوئی سلڈانا، گیووانی ریبیس اور سیگورنی ویور ایک بار پھر اوتار 2 میں اپنے کردار ادا کرتے نظر آئیں گے جبکہ چند نئے کرداروں کا بھی اضافہ ہوگا۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اوتار 2 کئی بار تاخیر کا شکار ہوچکی ہے اور حال ہی میں اعلان کیا گیا کہ اب یہ دسمبر 2021 کی بجائے 16 دسمبر 2022 میں ریلیز کی جائے گی جبکہ اوتار 3 دسمبر 2023 کی بجائے 20 دسمبر 2024 کو ریلیز ہوگی۔

اوتار 4 اور 5 بالترتیب 2026 اور 2028 میں سنیماؤں کی زینت بنیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024