• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

رشوت دے کر بیٹیوں کو کالج میں داخلہ دلانے پر اداکارہ کو جیل بھیج دیا گیا

شائع November 2, 2020
اداکارہ نے خود کو 31 اکتوبر کو جیل حکام کے حوالے کیا—فوٹو: رائٹرز
اداکارہ نے خود کو 31 اکتوبر کو جیل حکام کے حوالے کیا—فوٹو: رائٹرز

رشوت دے کر بیٹیوں کا کالج میں داخلہ دلوانے کے جرم کا اعتراف کرنے والی امریکی اداکارہ 56 سالہ لوری لافلن نے اپنی سزا پوری کرنے کے لیے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

لوری لافلن اور ان کے شوہر فیشن ڈیزائنر موسمو گیانولی کو رواں برس اگست میں امریکی ریاست میساچوٹس کے شہر بوسٹن کی ضلعی عدالت نے مجرم قرار دیتے ہوئے جیل اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

دونوں میاں اور بیوی پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی دو جوان بیٹیوں کو یونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا کے کالج میں داخلہ دلوانے کے لیے 5 لاکھ امریکی ڈالر کی رشوت دی تھی۔

دونوں نے عدالت میں کیس چلنے کے بعد ابتدائی طور پر الزامات کو مسترد کیا تھا تاہم بعد ازاں دونوں نے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔

دونوں کے خلاف مذکورہ کیس میں گزشتہ برس 2019 کے آخر میں فرد جرم عائد کی گئی تھی، اسی کیس میں اداکارہ فیلیسٹی ہفمین سمیت دیگر 50 شوبز، اسپورٹس، فیشن، ٹی وی، کاروبار اور صحافت سے وابستہ شخصیات پر بھی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: رشوت دے کر بیٹیوں کو کالج میں داخلہ دلوانے پر امریکی اداکارہ کو سزا

مذکورہ کالج ایڈمشن اسکینڈل 2018 کے آخر میں سامنے آیا تھا اور مارچ 2019 میں امریکی محکمہ انصاف نے اسکینڈل میں ملوث 50 اہم شخصیات پر رشوت کے عوض اپنے بچوں کو کالج میں داخلہ دلوانے کی فرد جرم عائد کی تھی۔

مذکورہ اسکینڈل شخصیات کی جانب سے رشوت کے عوض اپنے بچوں کویونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا کے کالج میں داخلہ دلوانے کا اسکینڈل تھا، جس نے امریکا میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

اداکارہ نے رشوت دے کر بیٹیوں کو داخلہ دلوانے پر قوم سے معافی بھی مانگی تھی—فائل فوٹو: ای پی اے
اداکارہ نے رشوت دے کر بیٹیوں کو داخلہ دلوانے پر قوم سے معافی بھی مانگی تھی—فائل فوٹو: ای پی اے

لوری لافلن اور ان کے شوہر نے بھی اپنی دو بیٹیوں کو مذکورہ کالج میں داخلہ دلوانے کے لیے 5 لاکھ ڈالر کی رشوت دینے کا اعتراف کیا تھا، جس پر انہیں جیل اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔

عدالت نے لوری لافلن کو 2 ماہ جب کہ ان کے شوہر کو 5 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

دونوں کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ 19 نومبر سے قبل ہی اپنی سزا کاٹنے کے لیے پولیس کے سامنے پیش ہوں گے، تاہم اداکارہ دی گئی مہلت سے قبل ہی پولیس کے سامنے پیش ہوگئیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لوری لافلن نے خود کو ریاست کیلی فورنیا کے شہر ڈبلن کے وفاقی مرکزی جیل انتظامیہ کے حوالے کیا۔

اداکارہ نے خود کو 31 اکتوبر کو جیل پولیس کے حوالے کیا، جہاں وہ اگلے دو ماہ تک رہیں گی۔

کورونا پروٹوکول کے تحت اداکارہ کا کورونا ٹیسٹ کرکے اسے 2 ہفتوں تک قرنطینہ میں رکھنے کے بعد اپنی بیرک میں منتقل کیا جائے گا۔

شوبز ویب سائٹ ڈیڈلائن نے بتایا کہ اگرچہ لوری لافلن نے خود کو دی گئی مہلت سے قبل ہی پولیس کے حوالے کردیا، تاہم ان کے شوہر رواں ماہ 10 نومبر تک خود کو جیل حکام کے حوالے کریں گے۔

لوری لافلن کے شوہر 5 ماہ تک قید کاٹیں گے جب کہ اداکارہ کو 2 ماہ بعد آزاد کردیا جائے گا۔

اداکارہ 2 ماہ تک جیل میں رہیں گی—فوٹو: اے پی
اداکارہ 2 ماہ تک جیل میں رہیں گی—فوٹو: اے پی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024