• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

دفتر خارجہ نے فرانس میں موجود پاکستانی کمیونٹی سے متعلق 'بے بنیاد' رپورٹس مسترد کردیں

شائع November 1, 2020 اپ ڈیٹ November 2, 2020
فرانس میں موجود پاکستانی  قانون کا احترام کرنے والے ہیں—تصویر
فرانس میں موجود پاکستانی قانون کا احترام کرنے والے ہیں—تصویر

پاکستان نے بھارتی میڈیا کے 'کچھ حلقوں' اور 'ڈمی ٹوئٹر اکاؤنٹس' کی جانب سے فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے 'بے بنیاد' رپورٹس کو مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بے بنیاد اور گمراہ کن معلومات واضح طور پر اضافی کام کرنے والی پاکستان مخالف پروپیگنڈا مشین کا کیا دھرا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ فرانس میں موجود پاکستانی قانون پر عمل کرنے والے ہیں اور فرانسیسی معیشت میں مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'نریندر مودی، فواد چوہدری کے بیان کو سیاسی فوائد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں'

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حالیہ واقعات کے بعد فرانس میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کسی قسم کی مشکلات کی کوئی شکایت نہیں ہے۔

علاوہ ازیں کسی قسم کی معلومات کے لیے فرانس میں پاکستانی سفارتخانے کے باضابطہ ٹوئٹر اکاؤنٹ PAKinFrance@ کو فالو کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

خیال رہے کہ 'قونصلیٹ جنرل آف پاکستان فرانس کے نام سے ایک جعلی اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 'وزیراعظم عمران خان کی تنقید کے بعد ہمارے شہریوں کو فراہم کردہ 183 وزٹ ویزے مسترد کردیے گئے'۔

اسی ٹوئٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ 'مکمل دستاویز رکھنے والے 118 شہریوں کو جبری طور پر ڈی پورٹ کردیا گیا اور اپنے شہریوں کو عارضی طور پر رکنے کی اجازت دینے کے لیے ہم فرانسیسی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں'۔

اسی جعلی ٹوئٹ کے دوسرے حصے میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ 'ڈی پورٹ کیے گئے افراد کی فہرست میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی بہن کا نام بھی موجود ہے اور وہ اپنی بیمار ساس کو دیکھنا چاہتی ہیں اس لیے ہم فرانسیسی حکام سے انہیں عارضی طور پر رکنے کی اجازت دینے کی درخواست کررہے ہیں'۔

مزید پڑھیں: ہندوستان خطے میں ریاستی دہشت گردی کا مرکز ہے، دفتر خارجہ

یاد رہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی جانب سے متناع بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انہوں نے گستاخانہ خاکوں کی نمائش کی حوصلہ افزائی کر کے اسلام اور ہمارے نبی ﷺ کو ہدف بنا کر مسلمانوں، بشمول اپنے شہریوں کو جان بوجھ کر مشتعل کرنے کی راہ اختیار کی۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ 'بدقسمتی سے فرانسیسی صدر نے تشدد پر آمادہ دہشت گردوں، چاہے وہ مسلمان، سفید نسل پرست یا نازی نظریات کے حامل ہوں، کے بجائے اسلام پر حملہ آور ہوتے ہوئے اسلاموفوبیا کی حوصلہ افزائی کا راستہ چنا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام پر اپنے بلا سوچے سمجھے حملے سے صدر ایمانوئیل میکرون یورپ اور دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات پر حملہ آور ہوئے ہیں اور انہیں ٹھیس پہنچانے کا سبب بنے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024