شاہ رخ خان کی 55ویں سالگرہ پر مداحوں کی ورچوئل پارٹی کی تیاریاں
رواں برس عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی کو مختلف طریقے سے گزارنے پر مجبور کردیا ہے اور تقریبات کے لیے بھی متبادل طریقے اختیار کیے جارہے ہیں۔
اسی وجہ سے بولی وڈ کنگ خان جو ہر سال اپنے جنم دن پر اپنی رہائش گاہ منت کے باہر موجود مداحوں کی مبارک باد وصول کرتے تھے لیکن اس سال کورونا کی وجہ سے ان کی سالگرہ کی تیاریاں بھی کچھ مختلف ہیں۔
دنیا بھر میں موجود شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے ان کا جنم دن کافی اہمیت رکھتا ہے اور اس موقع پر ممبئی میں واقع ان کے گھر 'منت' کے باہر مداح جمع ہوتے ہیں اور ان کی ایک جھلک کا انتظار کرتے ہیں لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اس بار ایسا نہیں ہوسکے گا۔
لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ مداح کنگ خان کی سالگرہ نہیں منائیں گے بلکہ شاہ رخ کے ایک فین کلب نے ان کی ورچوئل برتھ ڈے پارٹی کی میزبانی کی منصوبہ بندی کی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کے فین کلب کے ایک رکن نے کہا ہے کہ مداح اپنے گھروں پر کیک کاٹیں گے اور لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے وہ تقریبات کا حصہ بن سکتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ رات گئے ہونے والی تقریب کے بعد پیر (2 نومبر) کو صبح 11 بجے ورچوئل برتھڈے پارٹی ہوگی جس میں سیلفی بوتھس، گیمز، ایس آر کے کوئزز، مداحوں کے درمیان لائیو بات چیت اور چند پرفارمنسز شامل ہوں گی۔
اس کے علاوہ اس موقع پر کچھ خیراتی سرگرمیاں جیس کہ 5555 ماسکس اور سینیٹائزرز کے ساتھ 5555 کووڈ کٹس، ضرورت مندوں میں 5555 کھانوں کی تقسیم، یتیم خانوں اور اولڈ ایج ہوم جانے کی ارادہ بھی کیا گیا ہے۔
شاہ رخ اس وقت اپنے اہلخانہ کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہیں اور انہوں نے سوال و جواب کے ایک سیشن میں مداحوں سے کہا تھا کہ ‘اس بار کا پیار تھوڑا دور سے یار‘۔
ان کے فین کلب کے رکن یش نے ممبئی مرر کو بتایا کہ شاہ رخ اور ان کی ٹیم اس پلان سے آگاہ ہیں اور وہ اُمید کرتے ہیں کہ اداکار کچھ دیر کے لیے بات چیت کے لیے ورچوئل پارٹی کا حصہ بنیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ حصہ نہیں بھی بن سکے تو ہمیں یقین ہے کہ وہ کچھ خاص کریں کیونکہ وہ اپنے مداحوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔
یش نے بتایا کہ دنیا بھر سے 5 ہزار مداح شاہ رخ خان کی سالگرہ کی ورچوئل تقریبات میں شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ رواں برس 2 نومبر کو شاہ رخ خان 55 برس کے ہوجائیں گے اور اس حوالے سے ان کے مداح اب نئے انداز میں ان کی سالگرہ منانے کے لیے پرجوش بھی ہیں۔
عام طور پر مداح یکم نومبر کو ان کی فلم دل والے دلہنیا دیکھنے کے لیے ہر سال یکم نومبر کو مراٹھا مندر بھی جاتے ہیں لیکن کورونا کی وجہ سے بھارت میں سنیما بند ہیں اور اسی روز اس فلم کی آن لائن اسکریننگ کی پلاننگ بھی کی گئی ہے۔