• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

جنوری میں اسلام آباد پہنچ کر کٹھ پتلی کو گھر بھیج دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

شائع October 31, 2020
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ صرف امیروں کو ریلیف دیتے ہیں اور ان کے لیے ایمنسٹی اسکیم لے کر آتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ صرف امیروں کو ریلیف دیتے ہیں اور ان کے لیے ایمنسٹی اسکیم لے کر آتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جنوری میں اسلام آباد پہنچ کر کٹھ پتلی اور ظالم وزیر اعظم کو گھر بھیج دیں گے۔

گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے تو غذر شہیدوں کی سرزمین ہے، غذر کے عوام نے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، آپ کی حقوق کی جدوجہد آج کی نہیں، آپ مسلسل اس جدوجہد کو آگے لے کر چل رہے ہیں، اس تحریک میں جیالوں کا خون شامل ہے، جب غذر کے عوام نے شہادتیں دیں تو ان کا حق ہے کہ ان کی قسمت کا فیصلہ وہ خود کریں۔

انہوں نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو نظر آرہا ہےکہ آپ نے پاکستان کے ساتھ کیا کیا، اس حکومت نےمہنگائی اور بےروزگاری میں اضافہ کیا، عوام احتجاج کر رہے ہیں، تاریخی بے روزگاری ہے اور ملک کا ہر طبقہ احتجاج کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کو وفاق، قومی اسمبلی، سینیٹ میں نمائندگی چاہیے، بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو ریلیف دیتے ہیں، یہ تکلیف دیتے ہیں، یہ صرف امیروں کو ریلیف دیتے ہیں اور ان کے لیے ایمنسٹی اسکیم لے کر آتے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے تنخواہوں میں 150 فیصد اضافہ کیا، پیپلز پارٹی نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، پینشن کی مد میں 100 فیصد اضافہ کیا اور سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کی تنخواہوں میں 175 فیصد تک اضافہ کیا۔

گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ اشاروں پر چلنے والے بھی آپ کی بات مان چکے ہیں اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی بات کر رہے ہیں، ان سے پوچھیں ان کے منشور میں صوبے کی بات کیوں نہیں، اگر گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا ہے تو سپریم کورٹ سے پٹیشن واپس لو، جبکہ پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دلائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سنا ہے ایک وزیر یہاں ووٹ خریدنے آئے ہیں لیکن گلگت بلتستان کے عوام بکنے والے نہیں، آپ پیسے ان سے لیں لیکن ووٹ پیپلز پارٹی کو دیں اور ذوالفقار علی بھٹو اور بےنظیر بھٹو کے مشن کو پورا کرنے کا موقع دیں۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت و ملکیت دلائیں گے، بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ اگر شہیدوں کے سرزمین کے عوام ہمارے ساتھ ہیں تو کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، ہم نہ صرف پیپلز پارٹی کو یہاں سے جتوا کر کٹھ پتلی کو ناکام کریں گے بلکہ جنوری میں اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اور کٹھ پتلی، نااہل اور ظالم وزیر اعظم کو گھر بھیج دیں گے۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری گزشتہ کئی روز سے گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بھرپور انتخابی مہم چل رہے ہیں اور عوامی و کارکنان کے جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024